غیر قانونی طور پر مقیم 106 پاکستانیوں کو چار مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کر دیا گیا، جنہیں لے کر ایک خصوصی طیارہ آج اسلام آباد پہنچے گا۔ پاکستان نے خصوصی طیارے کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے۔
جرمنی، مالٹا، سائپرس اور آسٹریلیا سے بےدخل کیے گئے افراد
نیوز ڈپلومیسی کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق جن ممالک سے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے ان میں جرمنی، مالٹا، سائپرس اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ ان افراد کے پاس قانونی رہائشی اسٹیٹس نہیں تھا، جس کے باعث انہیں ملک بدر کیا گیا۔
پاکستانی سفارتخانوں کی جانب سے ایمرجنسی دستاویزات جاری
ڈی پورٹ کیے گئے افراد کے لیے متعلقہ ممالک میں قائم پاکستانی سفارتی مشنز نے ایمرجنسی ٹریول دستاویزات جاری کیں، تاکہ ان کی واپسی ممکن بنائی جا سکے۔ یہ افراد غیر قانونی طور پر ان ممالک میں قیام پذیر تھے اور وہاں کے امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے۔
خصوصی پرواز کی تفصیلات
دستاویزات کے مطابق خصوصی طیارہ جرمنی سے روانہ ہو کر سائپرس میں رُکے گا اور پھر اسلام آباد پہنچے گا۔ اس طیارے میں یورپی یونین کا ایک وفد بھی ان ڈی پورٹ شدہ تارکین وطن کے ہمراہ موجود ہوگا۔
پاکستان میں حکام کی تیاری
اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن اور دیگر متعلقہ ادارے ان افراد کی وطن واپسی کے انتظامات مکمل کر چکے ہیں۔ ڈی پورٹ کیے گئے افراد کو امیگریشن قوانین کے تحت ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقوں کو بھیجا جائے گا۔
Comments are closed.