خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی ٢کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 15 خوارجی دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر دو اہم کارروائیوں میں 15 بھارتی حمایت یافتہ خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرکے علاقائی امن کے خلاف سرگرم نیٹ ورک کو بڑا دھچکا دیا ہے۔ کارروائیوں میں ایک اہم خارجی کمانڈر بھی مارا گیا، جبکہ کلیئرنس آپریشنز پورے عزم کے ساتھ جاری ہیں۔

دتہ خیل میں آپریشن

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کے بھرپور ردِعمل کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن تیزی سے جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

کولاچی میں  کارروائی

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں خفیہ اطلاعات پر ہونے والی کارروائی میں دس مزید دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں چار افغان شہری بھی شامل تھے، جبکہ مارے جانے والوں میں ایک خارجی ونگ کمانڈر عالم محسود بھی شامل تھا، جو اس نیٹ ورک کا اہم رہنما سمجھا جاتا تھا۔

عزمِ استحکام

آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کی تلاش اور نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔

وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے دتہ خیل اور کولاچی میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں قابلِ فخر ہیں اور قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا بیان

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ بہادر فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، اور خیبرپختونخوا میں امن برقرار رکھنے کی کوششیں مزید مضبوط کی جائیں گی۔

Comments are closed.