پاکستان نے دو کروڑ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن مکمل کرنے کا سنگ میل عبورکر لیا

حکومت پاکستان نے دو کروڑ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن مکمل کرنے کا سنگ میل حاصل کر لیا ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا ایس اوپیز پہ عملدرآمد کےلیے فوج سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں بتایاگیا کہ پاکستان نے دو کروڑسے زائد ویکسین ڈوزز لگانے کا سنگ میل عبور کر لیا۔ گزشتہ روز5 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی۔یکم جولائی سے لے کر اب تک 40 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے این سی او سی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کو بڑھا کر 50 فیصد کر دیا۔ اس فیصلے کا اطلاق 15 جولائی 2021 سے ہو گا اور اس اضافے سے روزانہ مزید 2500 سے 3000 افراد پاکستان آسکیں گے۔این سی او سی نے یکم اگست سے اندرون ملک ہوائی سفر کے لیے ویکسین لازمی شرط قرار دے دی۔

اجلاس میں عید کی چھٹیوں کے دوران سیاحتی مقامات کی طرف جانے والے تمام راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایات جاری کی گئیں جن کی روشنی میں تمام سیاحتی مقامات پہ جانے والے افراد کے لئیے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی۔ کورونا ایس اوپیز پہ عمل درآمد کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول پاکستان آرمی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف علاقوں میں ہیٹ میپس کی مدد سے اسمارٹ لاک ڈاؤنز کا نفاذ جاری رہے گا۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسلام آباد ، ملتان ، پشاور، گجرانوالہ میں انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری ہے اور خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں کو سیل کر دیا گیا ہے جہاں ویکسینیشن اور ماسک کے بغیر اسٹاف اور وزیٹرز کی موجودگی کا نوٹس لیا گیا۔

Comments are closed.