آرمی چیف کی زیر صدارت 268ویں کور کمانڈرز کانفرنس، قومی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور علاقائی صورتحال پر اہم فیصلے

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز میں 268ویں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی۔

شہدا کو خراجِ عقیدت، فاتحہ خوانی

فورم کے شرکاء نے وطن کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکا نے مادرِ وطن کے تحفظ و امن کے لیے افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی قربانیوں کو سراہا۔

قومی سلامتی، خطے کی صورتحال پر بریفنگ

فورم کو خطے کی مجموعی صورتحال، قومی سلامتی کو لاحق چیلنجز اور تیزی سے بدلتے ہوئے خطرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکا نے ان چیلنجز کے مقابلے کے لیے پاکستان کی حکمتِ عملی کا بھی جائزہ لیا۔

دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن عزم

فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں دہشت گردی کو ہر قیمت پر اور بلا تفریق ختم کیا جائے گا۔ ریاست دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کے حامیوں کے خلاف پوری طاقت سے نمٹے گی۔

بلوچستان میں امن کی مکمل حمایت

کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی کو بھی بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کی غیر متزلزل حمایت سے شرپسند عناصر کو ناکام بنایا جائے گا۔

سازشی عناصر بے نقاب

کانفرنس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بلوچستان میں انتشار پھیلانے والے ملکی و غیر ملکی عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

نیشنل ایکشن پلان اور “عزمِ استحکام” کی موثر عملداری

فورم نے “نیشنل ایکشن پلان” کے دائرہ کار کے تحت “عزمِ استحکام” کی حکمتِ عملی کے فوری اور موثر نفاذ پر زور دیا۔ شرکا نے دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

قانون کی حکمرانی پر غیر متزلزل عزم

شرکاء نے واضح کیا کہ ریاستی ادارے آئین کے دائرہ کار میں رہ کر قانون پر سختی سے عملدرآمد کریں گے اور قانون کی حکمرانی میں کسی قسم کی نرمی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ میں تیزی

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم ضلعی رابطہ کمیٹیوں کے قیام کو سراہا اور اس منصوبے کے بلا رکاوٹ اور تیز تر نفاذ پر زور دیا۔ انہوں نے تمام اداروں پر زور دیا کہ حکومتی رہنمائی کے مطابق مربوط اور ہم آہنگ طریقے سے کام کریں۔

دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف اقدامات

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کی مالی معاونت اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کا مؤقف

Activity - Insert animated GIF to HTML

فورم نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ پر بھی خدشات ظاہر کیے۔ فورم نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی پُرزور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شرکا نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی شدید مذمت کی۔ فورم نے فلسطینی عوام کو سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

پیشہ ورانہ تیاری پر زور

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سخت تربیت اور جنگی تیاریوں پر زور دیا تاکہ ہر چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

Comments are closed.