نئی قسم کےخطرناک کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ۔۔33 ممالک میں کیسز رپورٹ

برطانیہ سے شروع ہونے والے نئے قسم کے کورونا وائرس کا دنیا میں تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے، اب تک کم از کم 33 ممالک میں اس خطرناک قسم کے وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ بہت سے ممالک نے برطانیہ، امریکا سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔

کورونا کی نئی قسم کے وائرس کا پہلا کیس برطانیہ میں سامنے آیا تھا، یہ وائرس کوویڈ19 کے مقابلے میں تیزی سے پھیلنے اور زیادہ نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے، اب تک دنیا کے 33 ممالک میں اس خطرناک وائرس سے متاثرہ افراد کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ان تمام ممالک میں برطانیہ سے آنے والے مسافروں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق اب تک جن ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آئے ہیں ان میں برطانیہ، امریکا، ترکی، آسٹریلیا، بیلجیئم، برازیل، کینیڈا، چلی، چین، ڈنمارک اور فن لینڈ شامل ہیں۔ فرانس، جرمنی، آئس لینڈ، انڈیا، آئرلینڈ، اسرائیل، اٹلی، جاپان، اردن، لبنان، مالٹا، نیدرلینڈز، ناروے اور پاکستان میں بھی اس وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

پرتگال، سنگا پور، جنوبی کوریا، سپین، سویڈن، سوئٹزرلینڈ اور متحدہ عرب امارات میں بھی اس خطرناک وائرس کے مریض سامنے آ چکے ہیں جب کہ تائیوان میں بھی کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقا میں نئی قسم کے وائرس سے ملتے جلتے وائرس سے دو افراد ہوئے ہیں،یہ دونوں افراد برطانیہ سے آنے والے متاثرہ افراد سے رابطے میں تھے۔

کورونا کے نئے وائرس کے پیش نظر دنیا کے کئی ممالک نے برطانیہ اور امریکا سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں تا کہ اس خطرناک قسم کے وائرس کے تیزی سے بڑھتے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

Comments are closed.