کرکٹ ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ کے نام

لندن: کرکٹ ورلڈکپ 2019ء کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو 104 رنز سے شکست دے دی۔

لندن کے تاریخی اوول گرائونڈ پر ورلڈ کپ کا پہلا میچ کھیلا گیا۔ جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز  میں 8 وکٹوں  کے نقصان پر 311 رنز بنائے۔ میچ کی خاص بات جنوبی افریقا کے اسپنر عمران طاہر کا پہلا اوور کرانا رہی۔ عمران طاہر ورلڈ کپ  کی تاریخ میں پہلا اوور کرانے والے پہلے اسپنر بن گئے۔ عمران طاہر کا یہ اوور اس لحاظ سے بھی تاریخی رہا کہ انھوں نے اوور کی دوسری ہی گیند پر انگلینڈ کے برسٹو کو پویلین واپس بھیج دیا۔

پہلی وکٹ جلد گر جانے کے بعد جوئے روٹ اور جیسن روئے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور دوسری وکٹ پر 106 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں۔ جیسن روئے 54 رنز پر جنوبی افریقا کے آندلے پھلکوایو جبکہ جوئے روٹ 51 رنز پر رابادا کا شکار بنے۔

انگلش کپتان مورگن اور بین اسٹوکس نے بھی 106 رنز کی پارٹنرشپ  کی۔ مورگن 57 رنز کی اننگز کھیل کر عمران طاہر کا شکار بنے جبکہ آل رائونڈر بین اسٹوکس نے شاندار 89 رنز کی اننگز کھیلی۔ جوس بٹلر 18، واکس 13جبکہ معین علی صرف 3 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو رابادا نے 3، عمران طاہر اور لنگی نگیڈی نے 2،2 جبکہ آندلے پھلکوایو نے ایک وکٹ حاصل کی۔

312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ہاشم آملہ کو ہیلمٹ پر گیند لگنے کے باعث میدان سے باہر جانا پڑ گیا۔ اس کے بعد ایڈن مارکرام بیٹنگ کے لیے آئے مگر صرف 11 رنز ہی بنا سکے، جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلسی بھی 5 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

ڈی کوک نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ جے پی ڈومنی 8 رنز بنا کر معین علی کا شکار بنے، ڈیوائن پروٹرس ایک رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے جبکہ راسی وین بھی 50 رنز پر ہمت ہار گئے۔

آندلے پھلکوایو 24 رنز بنانے کے بعد عادل رشید کا شکار بنے۔ ضرورت پڑنے پر ہاشم آملہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن صرف 13 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے کگیسو رابادا بھی 11 رنز ہی بناسکے۔ جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 39.5 اوورز میں 207 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3، بین اسٹوکس نے 12 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل  کیں۔ لیام پلنکٹ نے 2، جبکہ عادل رشید اور معین علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

انگلینڈ کے بین اسٹوکس کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جنوبی افریقا کا اگلا میچ 2 مئی کو بنگلہ دیش کیخلاف ہوگا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 3 مئی کو پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔

Comments are closed.