مصر میں سیاحتی آبدوز ڈوبنے سے 6 افراد ہلاک، 9 زخمی

قاہرہ، بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کے شہر الغردقہ کے ساحل کے قریب ایک سیاحتی آبدوز ڈوبنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور نو زخمی ہوگئے، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔

مصری اخبار ‘المصری الیوم’ کے مطابق، آبدوز میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 44 افراد سوار تھے اور وہ علاقے میں مرجانی چٹانوں کا نظارہ کرنے کے لیے سیاحتی سفر پر تھی۔ حادثے کے بعد 29 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

مصری حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاع دی ہے، جس کے بعد طبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

روس کے قونصل جنرل وِکٹر وروپائیو نے روسی خبر رساں ایجنسی ‘تاس’ سے گفتگو میں تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والے چار افراد کا تعلق روس سے ہے۔ ان کے مطابق، “زیادہ تر سیاحوں کو بچا لیا گیا ہے اور ان کی زندگیاں خطرے میں نہیں ہیں۔”

ابتدائی رپورٹس کے مطابق، حادثہ ساحل سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا، اور آبدوز میں موجود تمام سیاح روسی شہری تھے، جبکہ دیگر ہلاک شدگان ممکنہ طور پر عملے کے افراد ہو سکتے ہیں، تاہم مصری حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

مصری اخبار کے مطابق، مذکورہ آبدوز ‘سن بیڈ سبمرینز’ نامی کمپنی کی ملکیت تھی، جو اپنی ویب سائٹ پر 25 میٹر گہرائی تک سیاحتی سفر کی پیشکش کرتی ہے، جہاں سیاح مرجانی چٹانوں اور سمندری حیات کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق، ہر آبدوز میں چار مسافروں اور دو پائلٹوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔

Leave A Reply