افغانستان میں مسافر بس پر بم حملہ،28 افراد ہلاک،10 زخمی

قندھار: افغانستان کے مغربی صوبے فرح میں مسافر بس پر بم حملے کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک جب کہ 10 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے مسافر بس تباہ ہو گئی، افغان صوبے فرح کے ترجمان محب اللہ محب کا کہنا ہے کہ مسافر بس کو قندھار۔ہرات ہائی وے پر نشانہ بنایا گیا، بم حملے کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا تاہم ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

حکام کے مطابق بس میں سوار تمام مسافر عام شہری جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے۔ طالبان کی جانب سے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان میں 18 سالہ خانہ جنگی کے خاتمے کی کوششوں کے دوران عام افراد کی ہلاکتوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق سال 2019 کے پہلے چھ ماہ کے دوران افغانستان میں سویلین ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی، رواں برس کی پہلی ششماہی میں 1366 عام افراد ہلاک ہوئے جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران سویلین ہلاکتوں کی تعداد 2446 تھی۔

لیکن اقوام متحدہ کی جانب سے پرتشدد واقعات کے خاتمے کیلئے کوششوں کو ناکافی قرار دیا گیا۔ افغانستان میں امریکی اور حکومت کی اتحادی فورسز طالبان سے بھی زیادہ سویلین ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں۔ افغانستان میں سویلین ہلاکتوں میں بچوں کی اموات کی شرح ایک تہائی ہے۔

Comments are closed.