بھارت علاقائی امن کا دشمن بن گیا۔۔کشمیرمیں جنگی ہتھیار اور مزید فوج بھجوا دی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکا کے دوران پاکستان کی امن کیلئے کوششوں کو تسلیم کیے جانے پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکارہے۔ پاکستان دشمنی میں مبتلا بھارت  ایک طرف ایل او سی پر سول آبادیوں کو مہلک ترین کلسٹر بموں سے نشانہ بنا رہا ہے تودوسری طرف اس نے مقبوضہ وادی میں مزید فوج، جدید اسلحہ اور ٹینک پہنچانے شروع کر دیئے ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکا، افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کے بعد جنگی جنون میں مبتلا بھارت پاگل ہو گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں فوجی تعینات کرنے کے بعد بھارت نے ٹینک اور دیگر سامان حرب مقبوضہ وادی میں پہنچانا شروع کر دیئے ہیں جو کہ اس کے جنگی عزائم کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

پاکستان میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جانے والا دہشت گرد کلبھوشن یادیو بھارت کی پاکستان میں ریاستی دہشت گردی کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔

بھارت میں آر ایس ایس کی دہشت گردانہ، متعصبانہ سرگرمیوں اور اقلیتوں کے خلاف سنگین جرائم کے ارتکاب نے دنیا کے سامنے بھارت کے سیکولراسٹیٹ ہونے کے دعوے کا پول کھول دیا ہے۔ دنیا جان چکی ہے کہ دہشت گرد آر ایس ایس کی کارروائیوں کو پس پردہ مودی سرکار کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔ بھارت کی مذہبی انتہاء پسندی اور آر ایس ایس کو کھلی چھوٹ دیا جانا علاقائی امن کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔

بین الاقوامی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششوں میں مصروف ہے اور افغان مسئلے کا دیر پا حل چاہتا ہے، لیکن دوسری جانب بھارت خطے کو عدم استحکام کا شکار بنا کر علاقے میں اپنی چوہدراہٹ قائم کرنا چاہتا ہے۔

بھارتی حکومت ملکی و غیرملکی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر کی حقیقی صورتحال دکھانے کے لئے وادی میں لے جانے سے ہمیشہ انکاری رہا ہے اس کے باوجود بھارتی میڈیا پاکستان کیخلاف بے بنیاد پراپیگنڈے میں مصروف ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے ہمیشہ ملکی و غیر ملکی صحافیوں، اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو آزاد کشمیر، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کے دورے اور صورتحال کے جائزہ کیلئے ہمیشہ اجازت دی ہے۔

Comments are closed.