اسلام آباد: ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور لاکھوں فرزندان اسلام اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کر کے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پوری کی۔
دنیا کے مختلف ممالک کی طرح پاکستان میں بھی عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ عید کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی بھاری نفری مساجد، امام بارگاہوں اور عید گاہوں کے باہر تعینات رہی۔
اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جب کہ کراچی میں میمن مسجد بولٹن مارکیٹ میں ہزاروں فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی، لاہور میں سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا
پشاور کی عید گاہ، چارسدہ روڈ میں ہزاروں افراد اللہ کے حضور سر بسجود ہوئے جب کہ کوئٹہ میں مرکزی عید گاہ توغی روڈ پر نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوا۔
عید الاضحیٰ پر بھی قوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو نہ بھولی اور اس بڑے دن پر بھی نہ صرف انہیں یاد رکھا، ملک بھر میں ہونے والے نماز عید کے ہزاروں اجتماعات میں مظلوم کشمیریوں کو بھارتی ظلم وستم سے نجات، مقبوضہ کشمیر کی آزادی، امت مسلمہ اور وطن عزیز کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جب کہ قربانی کے وقت بھی کشمیریوں کے لیے اللہ کے حضور دعائیں مانگتے رہے۔
Comments are closed.