اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا اجلاس بلائے جانے پر بھارت بے چین ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کی خبر کے بعد بھارت شدید بے چینی میں ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستاان کو سفارتی میدان میں بہت بڑی کامیابی ملی ہے، سیکورٹی کونسل اجلاس بلانے کی خبر کے بعد بھارت شدید بے چینی اور اضطراب میں ہے، بھارت اس اجلاس کی مخالفت کر رہا ہے، ہمیں نیک نیتی سے اپنا مقدمہ سیکورٹی کونسل میں پیش کرنا اور لڑنا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی علاقائی امن کیلئے خطرہ بنتا جا رہا ہے، اس نے الیکشن جیتنے کے لئے کشیدگی کو ہوا دی، بھارت کے اندر بڑا طبقہ مودی کی سوچ سے متنفر دکھائی دے رہا ہے، بھارتی مظالم سے خطے کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں مکمل بلیک آؤٹ ہے اور وہاں اشیائے خورونوش کی شدید قلت ہے، بھارت نے وادی کو جیل خانہ میں تبدیل کردیا ہے اور کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، کروڑوں مسلمان او آئی سی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

Comments are closed.