اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو مختلف فورمز پر اٹھانے کیلئے عالمی برادری سے روابط تیزکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت “کشمیر سیل” کا دوسرا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان، وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر لانے کے لیے اپنی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرسیل کے قیام کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔
اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو مختلف فورمز پر اٹھانے کےلیے روابط تیزکرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وہ ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں شرکت کےلیے آج جینوا روانہ ہوں گے جہاں دنیا بھر سے آئے مندوبین کے سامنے نہتے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پرعالمی ضمیر کو جھنجوڑیں گے۔ نہتے کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے۔
Comments are closed.