اسلام آباد: غریب افراد کو چھت فراہمی کے لیے شروع کیے جانے والے “نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام” کے تحت ملک بھر میں اب تک14 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہے۔ عوام کی دلچسپی اور سہولت کے مدنظر سستے گھروں کے اس منصوبے کیلئے رجسٹریشن کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی۔اب یہ درخواست فارم 15 نومبر 2019 تک وصول کئے جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے 15 جولائی 2019 کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح کیا جس کے تحت غریب شہریوں کو اپنا گھر آسان قسطوں پر فراہم کیا جائے گا۔ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اس سلسلے میں اپنے ای سہولت فرنچائز نیٹ ورک اور آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کے فرائض انجام دے رہا ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق اب تک 14 لاکھ سے زائد افراد ملک بھر میں رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ ضلع لاہور میں 150255 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ ضلع ملتان میں 47802 افراد، بہاولپور میں 44786 افراد، کراچی کے مختلف اضلاع میں 89062 افراد اور پشاور میں 34484 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔
رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کے بعد اب آن لائن رجسٹریشن 15 نومبر تک کسی بھی نادرا ای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کے ساتھ کروائی جا سکتی ہے۔ کراچی کے عوام کیلئے ڈی ایچ اے میگا سینٹر، لیاقت آباد نادرا سینٹر یا نارتھ ناظم آباد میگا سینٹر پر آن لائن رجسٹریشن کرانے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔
ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ وہ اپنا گھر حاصل کرنے کے لئے جلد از جلد آن لائن رجسٹریشن کرائیں۔ سمندر پار پاکستانی اور سستا اور آسان قسطوں پر گھر بنانے کی خواہش رکھنے والے تمام پاکستانی گھر بیٹھے نادرا کی ویب سائٹ بھی کسی اضافی فیس کے بغیر اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ نادرا کی ویب سائٹ کا ایڈریس مندرجہ ذیل ہے۔
https://nphp.nadra.gov.pk
Comments are closed.