اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری 9 نومبر کو کھلنے کیلئے تیار ہے، کرتار پور راہداری کا کام اپنے آخری مرحلہ میں ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انڈیا اور دوسرے ملکوں سے سکھ دنیا کے سب سے بڑے گوردوارہ کی یاترا کریں گے، یہ گوردوارہ سکھوں کا مذہبی مرکز بننے کے ساتھ مقامی معیشت کو بھی مضبوط کرے گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ٹریولنگ، مذہبی ٹورازم اور مہمانداری کے شعبہ میں بڑے پیمانے پر ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی، بدھ مت کے پیروکار بھی پاکستان میں مختلف مذہبی مقامات پرآتے رہے ہیں، کرتار پور راہداری 9 نومبر کو کھول دیں گے۔
واضح رہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کرتارپور راہداری کی تقریب میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم وہ مہمان خصوصی نہیں بلکہ عام شہری کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کریں گے۔
Comments are closed.