آزادی مارچ کے شرکا، کارکنان مقصد حصول کے قریب پہنچ گئے ہیں، مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ وثوق سے کہتے یں کارکن اپنے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ گئے۔

اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ لوگ سمجھ رہے تھے کہ 2018ء کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی بڑی منظم ہوئی اور کوئی چاہے نہ چاہے اسے تسلیم کرنا پڑے گا، لیکن ہمارے کارکنان کی جرأت نے ان کے اس گھمنڈ کو توڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بیانیہ اور دعویٰ ایسا غالب ہوا ہے کہ کوئی مائی کا لعل انتخابات کو صاف الیکشن ماننے کو تیار نہیں، ہمارے بیانیے کو پوری قوم کی تائید حاصل ہوگئی اور ان کے بیانیے کو شکست ملی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ناجائز حکومت بنا کر جمہورت اور آئین پر وار کیا گیا، پاکستان میں آئین کی بالادستی ختم ہوگئی، مہنگائی نےغریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے اور مشیرخزانہ کہتے ہیں کہ  ٹماٹر 17 روپے کلو ہیں، وہ بتائیں 17 روپیہ کلو ٹماٹر کس منڈی میں فروخت ہو رہا ہے؟

جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاسی میدان میں فتح حاصل ہوچکی ہے، کارکنان کی جرأت نے حکومت کا دبدبہ اور رٹ ختم کردیا ہے، دس روزہ قیام میں ہم نے جنگ جیت لی ہے، وثوق سے کہتا ہوں کارکن اپنے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ گئے بس اس گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دو رہ گیا ہے، حکمران انتظار کر رہے ہیں کب انہیں گریبانوں سے پکڑ کر ایوانوں سے باہرنکالا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی کامیابیوں کا دائرہ کار اور بڑھاناہے، ہم نے باہمی مشاورت سے آگے بڑھنے کے کچھ فیصلے کیے ہیں، ہمارا یہاں رہنا پلان اے ہے اس کے رہتے ہوئے پلان بی پر آگے بڑھیں گے اور پلان بی پر کل سے عمل درآمد ہوگا، بہت جلد بتاؤں گا چور کوئی اور نہیں یہی حکمران ٹولہ ہے۔

Comments are closed.