آرمی چیف کو شٹل کاک کیوں بنایاگیا، کل تک معاملے کا حل نکالیں، قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے، سپریم کورٹ
جیسے آرمی چیف کو تعینات کیا جا رہا ہے ایسے تو اسسٹنٹ کمشنر کی تعیناتی نہیں ہوتی، ترمیمی آرٹیکل میں آرمی چیف کا ذکر ہی نہیں، چیف جسٹس
اسلام آباد: سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے ہیں جیسے آرمی چیف کو تعینات کیا جا رہا ہے ایسے تو اسسٹنٹ کمشنر کی تعیناتی نہیں ہوتی، آرمی چیف کو شٹل کاک کیوں بنایا گیا، کل تک اس معاملے کا حل نکالیں، ہم قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
چیف جسٹس کہتے ہیں کہ حکومت نے جس آرٹیکل میں ترمیم کی اس میں کہیں آرمی چیف کا ذکر ہی نہیں، ماضی میں 5 سے 6 جنرلز 10، 10 سال تک توسیع لیتے رہے، کسی نے پوچھا تک نہیں تاہم آج یہ سوال سامنے آیا ہے، اس معاملے کو دیکھیں گے تاکہ آئندہ کے لیے کوئی بہتری آئے۔
عدالت عظمیٰ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس مظہر عالم اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے وکیل ریاض حنیف راہی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔آرمی چیف کی جانب سے سابق وزیر قانون فروغ نسیم ان کا کیس لڑنے کے لیے عدالت میں پیش ہوئے جبکہ اٹارنی جنرل انور منصور خان حکومتی موقف بیان کرنے کے لیے کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
ازخود نوٹس نہیں لیا، ریاض راہی کی درخواست زندہ رکھی، چیف جسٹس
سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ میڈیا پر غلط خبریں چلیں کہ ہم نے ازخود نوٹس لیا ہے، میڈیا کو سمجھ نہیں آیا تھا کہ ہم ریاض حنیف راہی کی درخواست پر ہی سماعت کر رہے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا گمشدہ درخواست گزار کا علم ہوا؟ اس پر عدالت میں موجود ریاض حنیف راہی کو روسٹرم پر بلایا گیا۔چیف جسٹس نے درخواست گزار سے مکالمے کے دوران استفسار کیا کہ آپ کہاں رہ گئے تھے، کل آپ تشریف نہیں لائے، ہم نے آپ کی درخواست زندہ رکھی، جس پر ریاض راہی نے کہا کہ حالات مختلف پیدا ہوگئے ہیں۔اس پر چیف جسٹس نے جواب دیا کہ ہم انہی حالات میں آگے بڑھ رہے ہیں، آپ تشریف رکھیں۔
خامیاں تسلیم نہیں کیں تو درست کیوں کی گئیں، عدالت
چیف جسٹس نے سماعت کے دوران اٹارنی جنرل انور منصور خان سے استفسار کیا کہ یہ بات طے ہے کہ کل جن خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی ان کو تسلیم کیا گیا، خامیاں تسلیم کرنے کے بعد ان کی تصحیح کی گئی تھی، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ انہیں خامیوں کے طور پرتسلیم نہیں کیا گیا، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر خامیاں تسلیم نہیں کی گئیں تو تصحیح کیوں کی گئی؟
اٹارنی جنرل انور منصور نے موقف اپنایا کہ وہ اس کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں، توسیع کے حوالے سے قانون نہ ہونے کا تاثر غلط ہے، یہ تاثر بھی غلط ہے کہ کابینہ کے صرف 11 ارکان نے ہاں میں جواب دیا تھا، باقی اراکین کو وقت دیا گیا، جواب نہ آنے کا مطلب ہاں ہی ہوتا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر باقی اراکین نے ہاں میں جواب دیا تھا تو کتنے وقت میں دیا تھا یہ بتا دیں، کل جو آپ نے دستاویز دی تھی اس میں 11 ارکان نے ہاں لکھا ہوا تھا۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ گزشتہ روز کے عدالتی حکم میں بعض غلطیاں ہیں، میں نے کل آرمی رولز کا حوالہ دیا تھا، عدالت نے حکم نامے میں رولز کو قانون لکھا اور عدالت نے کہا کہ صرف 11 ارکان نے کابینہ میں توسیع کی منظوری دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اب تو حکومت اس کارروائی سے آگے بڑھ چکی ہے، جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کابینہ سے متعلق نکتہ اہم ہے اس لیے اس پر بات کرنا ضروری ہے۔
اٹارنی جنرل انور منصور کی بات پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے تو وہی لکھا جو آپ نے دستاویزات میں دیا، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ جن اراکین کے جواب کا انتظار ہے ان کا جواب ہاں میں تصور کیا جانا چاہیے، اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کس قانون میں ہے کہ جن کے جوابات کا انتظار ہو وہ ہاں تصور ہوگا۔
عدالتی ریمارکس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ رول 19 میں لکھا ہے کہ جن کے جواب کا انتظار ہو وہ ہاں تسلیم ہوگا، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس رول میں یہ بھی واضح ہے کہ جواب کے انتظار میں وقت کا تعین ہوگا، آپ ہمیں دستاویزات میں تعین کردہ وقت دکھا دیں۔
ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ رول 19 میں وقت مقرر کرنے کی صورت میں ہی ہاں تصور کیا جاتا ہے۔دوران سماعت چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد آرمی ایکٹ میں تبدیلیاں ہوئی ہیں، اس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آرمی چیف ملٹری کو کمانڈ کرتا ہے۔
مسلح افواج کے سربراہان صدرمملکت وزیراعظم کے مشورے سے تعینات کرتے ہیں، اٹارنی جنرل
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آرٹیکل 243 کے مطابق صدر مملکت، افواج پاکستان کے سپریم کمانڈر ہیں، آرٹیکل 243 کے تحت ہی صدر، وزیراعظم کے مشورے پر مسلح افواج کے سربراہ تعینات کرتے ہیں۔
اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ آرٹیکل 243 مراعات و دیگر معاملات سے متعلق ہے، کیا تعیناتی کی مدت کی بات کی گئی ہے؟آرمی چیف کتنے عرصے کے لیے تعینات ہوتے ہیں؟کیا آرمی چیف حاضر سروس افسر بن سکتا ہے یا ریٹائر جنرل بھی، اس معاملے میں قواعد کو دیکھنا ضروری ہے۔ جسٹس منصور کی بات پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ ان کے پاس ترمیمی مسودہ ابھی آیا ہے۔
جس پر جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے ریمارکس دیے کہ ہمارے پاس وہ بھی نہیں آیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آئین و قانون کی کس شق کے تحت قواعد تبدیل کیے گئے، آرٹیکل 255 ان لوگوں کے لیے ہے، جو سروس سے نکالے جاچکے یا ریٹائر ہوچکے ہیں۔
آرمی چیف کی مدت ملازمت کا معاملہ انتہائی اہم ہے، چیف جسٹس
چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کا انتہائی اہم معاملہ ہے، اس میں سب کی بات سنیں گے، یہ سوال آج تک کسی نے نہیں اٹھایا، اب اگر سوال اٹھ گیا ہے تو اسے دیکھیں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ انتہائی اہم معاملہ ہے مگر اس میں آئین خاموش ہے، جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ مدت تعیناتی نوٹیفکیشن میں لکھی جاتی ہے جو صوابدیدی ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بہت سارے قوانین خاموش ہیں، کچھ روایتیں بن گئی ہیں، ماضی میں 5، 6 جنرلز خود کو توسیع دیتے رہے، 10، 10 سال تک توسیع لی گئی لیکن کسی نے پوچھا تک نہیں، تاہم آج یہ سوال سامنے آیا ہے، اس معاملے کو دیکھیں گے تاکہ آئندہ کے لیے کوئی بہتری آئے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تاثر دیا گیا کہ آرمی کی چیف کی مدت ملازمت 3 سال ہوتی ہے، ساتھ ہی جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے آج بھی ہمیں آرمی ریگولیشنز کا مکمل مسودہ نہیں دیا۔جو صفحات آپ نے دیے وہ نوکری سے نکالنے کے حوالے سے ہیں، آرمی ریگولیشنز کے مطابق ریٹائرمنٹ معطل کرکے افسران کو سزا دی جاسکتی ہے، حال ہی میں 3 سینئر افسران کی ریٹائرمنٹ معطل کر کے سزا دی گئی تھی۔ اسی دوران عدالت میں موجود بینچ کے رکن جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ آرمی چیف کی مدت 3 سال کہاں مقرر کی گئی ہے؟ کیا آرمی چیف 3 سال بعد گھر چلا جاتا ہے۔
آرمی چیف کی مدت ملازمت پر قانون خاموش ہے، انور منصور
عدالت کے استفسار پر اٹارنی جنرل انور منصور خان نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل 57 سال کی عمر یا 4 سال کی مدت مکمل کر کے ریٹائر ہوتے ہیں، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لیفٹیننٹ جنرل کے علاوہ کہیں بھی مدت کا تعین نہیں کیا گیا، بعض لیفٹیننٹ جنرلز کو تعیناتی کے بعد 4 سال کی مدت نہیں ملتی جبکہ آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کی مدت کا ذکر ہی نہیں۔
اٹارنی جنرل نے بھی کہا کہ آرمی چیف کی مدت تعیناتی کا کوئی ذکر نہیں، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ کیا دستاویزات کے ساتھ آرمی چیف کی تعیناتی کا لیٹر ہے، جنرل قمر باجوہ کی بطور آرمی چیف تعیناتی کا نوٹیفکیشن کہاں ہے، کیا پہلی بار جنرل باجوہ کی تعیناتی بھی 3 سال کے لیے تھی، آرمی چیف کی مدت تعیناتی کا اختیار کس کو ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ اگر ریٹائرمنٹ سے 2 دن قبل آرمی چیف کی توسیع ہوتی ہے تو کیا وہ جاری رہے گی، اس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ٹرم کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن اس کا تعین کہیں نہیں، آرٹیکل 243 کے تحت کابینہ سفارش نہیں کر سکتی، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ واضح ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کی سفارش وزیراعظم نے کرنی ہے۔
اٹارنی جنرل کی بات پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کابینہ کی سفارش ضروری نہیں تو 2 مرتبہ معاملہ کابینہ کو کیوں بھیجا؟ اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کو قائل کرنے کی کوشش کروں کہ تعیناتی میں توسیع بھی شامل ہوئی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ نارمل (عام) ریٹائرمنٹ سے متعلق آرمی کے قواعد پڑھیں، آرمی ایکٹ کے رول 262 سی کو پڑھیں، جنرل کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال دی گئی ہے۔ اس پر انور منصور نے عدالت کو بتایا کہ آرمی چیف پبلک سرونٹ نہیں ہیں، ان کی تعیناتی پبلک سرونٹ کرتے ہیں، آرمی چیف افسر سے بالاتر گریڈ میں ہوتے ہیں۔
اٹارنی جنرل کی بات پر جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ معاملہ توسیع اور نئی تعیناتی کا ہے، اس کو کیسے قانونی طور پر ثابت کریں گے، جس پر انور منصور خان نے کہا کہ تعیناتی کی تعریف میں دوبارہ تعیناتی بھی آتی ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ریٹائرمنٹ اور ڈسچارج کا ذکر رولز میں ہے، جب مدت مکمل ہوجائے پھر نارمل ریٹائرمنٹ ہوتی ہے، 253 کے ایک چیپٹر میں واضح ہے کہ گھر کیسے جائیں گے یا فارغ کیسے کریں گے۔
حالت جنگ میں آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ میں عارضی تاخیر ہوسکتی، چیف جسٹس
چیف جسٹس کے ریمارکس کے دوران اٹارنی جنرل نے بولنا چاہا تو چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ جلدی میں تو نہیں، جس پر جواب دیا گیا کہ نہیں رات تک یہاں ہوں، آرٹیکل 255 میں ایک ایسا لفظ ہے جو اس معاملے کا حل ہے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس آرٹیکل میں حالات کے تحت اگر ریٹائرمنٹ نہ دی جاسکے تو 2 ماہ کی توسیع دی جاسکتی ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایک بندہ اپنی ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ چکا ہے تو اس کی ریٹائرمنٹ کو معطل کیا جاسکتا ہے، اگر جنگ ہورہی ہو تو پھر آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ میں عارضی تاخیر کی جاسکتی ہے۔
عدالتی ریمارکس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ریٹائرمنٹ کی حد کا کوئی تعین نہیں، اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ آپ کہنا چاہتے ہیں کہ ان کی ریٹائرمنٹ نہیں ہوسکتی، مدت پوری ہونے پر محض غیر متعلقہ رولز پر توسیع ہوسکتی ہے، یہ تو بہت عجیب بات ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آرٹیکل 255 جس پر آپ انحصار کررہے ہیں وہ تو صرف افسران کے لیے ہے، جس میں آپ نے ترمیم کی وہ تو آرمی چیف سے متعلق ہے ہی نہیں، آپ کے آرمی چیف اس میں نہیں آتے۔
اٹارنی جنرل نے جنرل کیانی کو جسٹس کیانی کہہ دیا
اٹارنی جنرل نے کہا کہ جنگی صورتحال میں کوئی ریٹائر ہورہا ہو تو اسے کہتے ہیں، آپ ٹھہرجائیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 255 اے کہتا ہے کہ اگر جنگ ہورہی ہو تو چیف آف آرمی اسٹاف کسی کی ریٹائرمنٹ کو روک سکتا ہے، یہاں آپ چیف کو سروس میں برقرار رکھ رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کا سارا کیس 255 اے کے گرد گھوم رہا ہے، اس پر اٹارنی جنرل انور منصور خان نے عدالت کو بتایا کہ 1948 سے آج تک تمام آرمی چیف ایسے ہی تعینات ہوئے، ‘جسٹس کیانی کی توسیع بھی ایسے ہی ہوئی’۔جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وہ جسٹس نہیں جنرل کیانی تھے، چیف جسٹس کی اس بات پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔
تاہم اپنے دلائل جاری رکھتے ہوئے اٹارنی جنرل نے کہا کہ جن فوجی افسران کو توسیع دی گئی ان کی فہرست دے چکا ہوں، اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ کیا ریٹائرڈ جنرل کو آرمی چیف تعینات کیا جا سکتا ہے۔ عدالتی سوال پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ شاید ریٹائر جنرل بھی بن سکتا ہو لیکن آج تک ایسی کوئی مثال نہیں، اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ کیا 3 سالہ مدت کے بعد آرمی چیف فوج میں رہتا ہے یا گھر چلاتا ہے۔
ہم قانون سمجھنا چاہتے ہیں ہمیں کوئی جلدی نہیں، چیف جسٹس
ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ فوجی افسران سروس کی مدت اور مقررہ عمر کو پہنچنے پر ریٹائر ہوتے ہیں، ہم قانون سمجھنا چاہتے ہیں ہمیں کوئی جلدی نہیں، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں تو رات تک دلائل دینے کے لیے بھی تیار ہوں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت ریٹائرمنٹ کے بعد ہی ریٹائرمنٹ کو معطل کر سکتی ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ دوران جنگ ممکن ہے کہ افسران کو ریٹائرمنٹ سے روک جاتا ہے، ساتھ ہی چیف جسٹس نے کہا کہ قانون کے مطابق آرمی چیف دوران جنگ افسران کی ریٹائرمنٹ روک سکتے ہیں، حکومت آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کو روکنا چاہتی ہے۔
عدالتی ریمارکس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی معطلی عارضی نہیں ہوتی،اس پر جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ آئینی عہدے پر تعیناتی میں توسیع آئین کے تحت نہیں، عارضی سروس رولز کے تحت دی گئی، بظاہر تعیناتی میں توسیع آرمی ریگولیشنز کے تحت نہیں دی گئی۔
اٹارنی جنرل انور خان کے دلائل کی تعریف
چیف جسٹس نے کہا کہ ہم آپ کو اجازت دیتے ہیں، جو بولنا ہے بولیں، پھر ہم قانونی نکات پر بات کریں گے، ہم آپ کے دلائل کی تعریف کرتے ہیں، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں آپ کے تمام سوالات کے جوابات دیتا رہوں گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ کو دلائل مکمل کرنے دیں، پھر قوانین پڑھیں، دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ پہلے قانون پر بات کر لیں، پھر اپنا موقف دیں، اس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ عدالت کے ہرسوال کا جواب دوں گا۔
اٹارنی جنرل انور منصور کی بات پر چیف جسٹس نے کہا کہ ٹکڑوں میں جواب کا کوئی فائدہ نہیں، آرمی ایکٹ کو سمجھے بغیر ہمیں دلائل کیسے سمجھ آئیں گے، آپ کا ایک ایک لفظ سن کر سمجھنے کی کوشش کریں گے۔ اٹارنی جنرل کی بات پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم ان رولز اور ریگولیشن کو پڑھتے ہیں، پاک فوج کے تقسیم ہند سے پی کے کے رولز کو روزانہ کی روشنی میں دیکھتے ہیں، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ جیسے عدالت کہے گی ویسے کہیں گے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جو کہنا ہے کہیں ایک ایک لفظ نوٹ کر رہے ہیں۔
یہ قانون کی عدالت ہے یہاں شخصیات معنی نہیں رکھتیں، چیف جسٹس
اس موقع پر جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ پہلا سوال یہ ہے کہ آرمی چیف کی مدت تعیناتی کیا ہوگی، آرمی چیف کی مدت تعیناتی پر آئین خاموش ہے، دوبارہ آرمی چیف کی تعیناتی کس قانون کے تحت ہوگی، کیا ریٹائرمنٹ کے بعد ریٹائرڈ جنرل کو دوبارہ آرمی چیف بنایا جا سکتا ہے؟
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم کی صوابدید ہے، اصل مسئلہ آرمی چیف کی دوبارہ تعیناتی کا ہے، اس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آرٹیکل 243 کے تحت ہوتی ہے، مدت مقرر نہ ہو تو کیا آرمی چیف تاحیات عہدے پر رہیں گے، 1947 سے تعیناتی کی یہی روایت رہی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ یہ قانون کی عدالت ہے، یہاں شخصیات معنیٰ نہیں رکھتیں، جو کام قانونی طور پر درست نہیں اسے کیسے ٹھیک کہہ سکتے ہیں، اگر قانون کے مطابق درست نہیں تو پھر ہم فیصلہ دیں گے،
ساتھ ہی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آرمی چیف کی تعیناتی اور مدت 1975 کے کنونشن کے تحت ہے، عوام کو آگاہ کروں گا تعیناتی کی مدت کا تعین کیسے ہوتا ہے۔ اٹارنی جنرل کی بات پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ قانون کی عدالت ہے، یہاں شخصیات معنیٰ نہیں رکھتیں، جو کام قانونی طور پر درست نہیں اسے کیسے ٹھیک کہہ سکتے ہیں، اگر قانون کے مطابق درست نہیں تو پھر ہم فیصلہ دیں گے، اس پر انور منصور خارن نے جواب دیا کہ بعض اوقات سختی سے چھڑی ٹوٹ جاتی ہے،عدالت کو قانون پر اتنا سخت نہیں ہونا چاہیے۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ قانون کو اتنا سخت نہیں ہونا چاہیے کہ اس میں کوئی لچک نہ ہو، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پہلے قانون سے دلائل کا آغاز کریں۔ عدالتی ریمارکس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں فوج کے قانون کو پڑھ کر سنانا چاہتا ہوں، ایکٹو سروس سے متعلق سیکشن 2 پڑھ کر سناؤں گا، جنرل قوم کا افسر ہوتا ہے، اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ہمارے سامنے سوال چیف کا ہے جنرل کا نہیں، اس پر انور منصور نے کہا کہ عدالت کو میں تعیناتی کی دیگر مثالیں بھی پیش کروں گا۔
چیف آف آرمی اسٹاف میں اسٹاف کا مطلب کیا ہے، جسٹس منصور
اٹارنی جنرل نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف آرمی کے کمانڈنگ افسر ہیں، اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف میں اسٹاف کا مطلب کیا ہے، خالی چیف آف آرمی بھی تو ہوسکتا تھا۔ اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس بارے میں مجھے علم نہیں، پڑھ کر بتا سکتا ہوں، کمانڈنگ افسر وہ ہوتا ہے جو آرمی کے کسی الگ یونٹ کا سربراہ ہو۔
عدالت میں دلائل دیتے ہوئے اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آرمی ایکٹ کا ہر سیکشن الگ یونٹ، پلٹون کو ظاہر کرتا ہے، اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ وہ جو کہتے ہیں کہ فوج میں کمیشن میں گیا تو کیا ان کو کوئی ذمہ داری ملتی ہے ؟ اس پر انور منصور نے بتایا کہ کمیشن آرٹیکل 243 کے تحت ہے۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس میں تو لکھا ہے کہ جونئیر کمیشنڈ افسر کے علاوہ ہے، جس پر جواب دیا گیا کہ نہیں ایسا نہیں ہے، ساتھ ہی جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ آپ ہمیں جونیئر کمیشنڈ افسر پر کیوں لے گئے، اس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جونیئر کمیشنڈ افسر کیپٹن بھی ہوتا ہے۔
کہیں گربڑ ہے ہم سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں، چیف جسٹس
اٹارنی جنرل کے جواب پر چیف جسٹس نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں کمیشنڈ افسر کی تعریف نہیں، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ تعریف ہے، اعلیٰ افسر کمیشنڈ افسرکہلاتے ہیں، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کہیں گربڑ ہے ہم سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں۔عدالتی ریمارکس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ادارے کا ایک باقاعدہ نظام ہے، سپاہی کا افسر لانس نائیک ہوگا، اس طرح پورے ادارے کا نظام ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ کی تعریف ختم ہوگئی ہے تو آگے بڑھیں۔
اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں سیکشن 16 پڑھ کر سناؤں گا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سیکشن 16 ملازمت سے برخواستگی سے متعلق ہے، اس پر انور منصور نے جواب دیا کہ آرمی چیف کسی کو بھی نوکری سے نکال سکتے ہیں۔
اٹارنی جنرل کی بات پر جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کہ کیا وفاقی حکومت بھی کسی کو نوکری سے نکال سکتی ہے، اس پر انہیں جواب دیا گیا کہ آرمی چیف کو محدود مگر وفاقی حکومت کو مکمل اختیارات ہیں، جونیئر اور چھوٹے افسران کو آرمی چیف نکال سکتے ہیں، عمر کا بھی تعین ہے کہ کون کس عمر میں کیسے ریٹائر ہوگا۔
انور منصور خان کا کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ کا اطلاق تمام افسران، جونیئرکمیشن اور وارنٹ افسران پر ہوتا ہے، اسی پر جسٹس منصور نے دوبارہ پوچھا کہ سپہ سالار کو چیف آف آرمی اسٹاف کہا جاتا ہے، لفظ اسٹاف کا کیا مطلب ہے، ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسٹاف کا مطلب شاید آرمی میں کام کرنے والے تمام لوگ ہیں۔ اس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آرمی میں کئی سویلین لوگ بھی کام کرتے ہیں، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اسٹاف کا سربراہ حاضر سروس شخص ہی ہوسکتا ہے۔
آرمی ایکٹ میں مدت اور دبارہ تعیناتی کا ذکر نہیں، چیف جسٹس
چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت کا انحصار سیکشن 255 پر ہے جو آرمی افسر کے لیے ہے، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ آرمی ایکٹ کے مطابق فوجی افسر وہ ہے جو کمیشنڈ افسر ہو، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کو کسی بھی افسر کی برطرفی کا اختیار ہے۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں کسی افسر کی مدت تعیناتی کا ذکر نہیں، جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ مدت تعیناتی میں توسیع کا ذکر رولز میں ہے۔
اٹارنی جنرل انور منصور خان کے جواب پر چیف جسٹس نے کہا کہ رولز ہمیشہ ایکٹ اور قانون کے تحت ہی بنتے ہیں، ایکٹ میں ایسا کچھ نہیں کہ کسی بہت قابل افسر کو ریٹائر ہونے سے روکا جائے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ کیا آرمی ایکٹ میں کسی بھی افسر کی مدت سروس کا ذکر ہے؟، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ مدت ملازمت کا ذکر رولز میں ہے ایکٹ میں نہیں۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں مدت اور دبارہ تعیناتی کا ذکر نہیں، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا بھی ذکر ایکٹ میں نہیں، جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ سیکشن 176 میں قواعد بنانے کا اختیار موجود ہے، فوج کوئی جمہوری ادارہ نہیں ہے، دنیا بھر میں فوج کمانڈ پر ہی چلتی ہے۔اٹارنی جنرل کی بات پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ہم اس کے بارے میں جانتے ہیں، ساتھ ہی اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں آرمی ایکٹ کے چیپٹر ون ٹو اور تھری کو پڑھوں گا۔
فوج کے حلف کا حصہ ہے کہ کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنوں گا، چیف جسٹس
چیف جسٹس نے آرمی افسر کے حلف نامے سے متعلق ریمارکس دیے کہ فوجی حلف اٹھاتے ہیں کہ ملک اور آئین کا وفادار رہوں گا، فوج کا حلف ہے کہ جہاں ضرورت ہوئی ملک کے لیے جان دوں گا، ایک حلف آئین میں بھی دیا گیا ہے، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ آئین میں دیا گیا حلف فوجی افسر کمیشن کے وقت اٹھاتے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ افسر کے حلف میں ہے کہ اگر جان دینی پڑی تو دے گا، یہ بہت بڑی بات ہے۔ ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ‘میں خود کو کسی سیاسی سرگرمی میں ملوث نہیں کروں گا’ یہ جملہ بھی حلف کا حصہ ہے، بہت اچھی بات ہے کہ اگر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہ لیا جائے۔
فوجی حلف اٹھاتے ہیں کہ ملک اور آئین کا وفادار رہوں گا، فوج کا حلف ہے کہ جہاں ضرورت ہوئی ملک کے لیے جان دوں گا، یہ بہت بڑی بات ہے۔ ییہ بھی حلف کا حصہ ہے کہ میں خود کو کسی سیاسی سرگرمی میں ملوث نہیں کروں گا۔ بہت اچھی بات ہے کہ اگر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہ لیا جائے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف فوجی معاملات پر حکومت کا مشیر بھی ہوتا ہے، فوج کے نظم و نسق کی ذمہ داری بھی آرمی چیف پرعائد ہوتی ہے، ہم فوج کے سارے ریگولیشنز کو دیکھ رہے ہیں تاکہ آپ کے دلائل کو سراہ سکیں۔
حکومت ریٹائرمنٹ کو محدود اور معطل کر سکتی ہے، انور منصور خان
عدالتی سماعت میں جسٹس منصور علی شاہ نے بھی ساتھ ہی ریمارکس دیے کہ جب قانون میں ریٹائرمنٹ کا لفظ آتا ہے تو اس میں مدت کا بھی تعین ہوتا ہے، ریٹائرمنٹ کی مدت کے بارے میں بھی بتائیں، ساتھ ہی پوچھا گیا کہ کیا ایکٹ 262 سی میں ریٹائرمنٹ کا ذکر ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جب سروس کی مزید ضرورت نہیں ہوتی تو ریٹارمنٹ ہوتی ہے۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت ریٹائرمنٹ کو محدود اور معطل کر سکتی ہے، ریٹائرمنٹ محدود کرنے کا مطلب ہے اگلے حکم نامے تک کام جاری رکھا جائے، ریٹائرمنٹ کی معطلی عارضی طور پر ہوتی ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ریٹائرمنٹ محدود یا معطل، مخصوص حالات میں کی جا سکتی ہے، ہو سکتا ہے ماہرین یا تجربہ کار افسران کو جنگ کے دوران دوبارہ بلایا جائے، آرمی چیف دوران جنگ افسران کو ریٹائرمنٹ سے روک بھی سکتے ہیں۔
سزا یافتہ سابق فوجی افسران کی تفصیلات طلب
چیف جسٹس نے پوچھا کہ کچھ عرصے قبل آپ نے ریٹائرڈ افسران کو سزا دی، آپ نے پہلے انہیں سروس میں بلایا پھر سزا دی؟ ہمیں بتائیے کس قانون کے تحت انہیں سروس میں بلا کر سزادی، ان کو دوبارہ حاضر سروس کرکے سزادی گئی؟ ہم اس کو سمجھنا چاہتے ہیں کیونکہ 255 میں ریٹائرمنٹ دے کرواپس سروس میں بلایا جاسکتا ہے جبکہ صرف حاضر سروس کو سزا دی جاسکتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جن کو سزا دی ان کے بارے میں بتادیں کافی چیزیں صاف ہوجائیں گی، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس بارے میں بھی عدالت کو آگاہ کروں گا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نوکری سے نکالے جانے پر ڈسچارج یا پھر ریٹائرمنٹ ہوتی ہے، ہم ملازمت برخاستگی سے متعلق پوری اسکیم دیکھ رہے ہیں، اس میں نوکری سے برخاستگی، ریٹائرمنٹ اور ریٹائرمنٹ کی معطلی آتی ہے جبکہ جنگ کے دوران عارضی طور پر ریٹارمنٹ معطل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ آرمی ایکٹ پر عملدرآمد نے لیے رولز بنائے گئے، ان آرمی افسران جن کو سزا ہوئی تھی ریکارڈ منگوا لیں تاکہ تمام پہلوؤں کا تعین ہو سکے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 3 آرمی افسران کو دوبارہ بلایا گیا کہ حاضر سروس کرکے پھر سزا دی گئی، اگرایسا نہیں تو پھر سزا کیسے ہوئی؟ بتائیں آرمی نے پھر کیسے سزا دی؟ کیونکہ 255 اے میں ریٹائرڈ افسران کو حاضر کرکے سزا دیے جانے کے بارے میں ہے، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ 255 میں جرم کرنے والوں کو نہیں بلایا جاتا، جرم کرنے والے افسران پر آرمی ایکٹ کی سیکشن 292 کا اطلاق ہوتا ہے، ایکٹ میں واضح ہے کہ ریٹائرڈ افسر کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔ عدالت نے فوج کے سزا یافتہ تینوں سابق اعلیٰ افسران کی تفصیلات طلب کرلیں اور چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ تفصیلات دیکھ کر جائزہ لیں گے کہ سزا کس قانون کے تحت ہوئی۔
فور اسٹار جنرل کی ریٹائرمنٹ کی کوئی عمر نہیں، اٹارنی جنرل
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ قواعد میں یہ نہیں لکھا کہ ریٹائرمنٹ سے پہلے ریٹائرمنٹ معطل ہو سکتی ہے، 4 اسٹار جنرل کی ریٹائرمنٹ کی کوئی عمر نہیں، لیفٹیننٹ جنرل تک ریٹائرمنٹ کی عمر موجود ہے، آرمی چیف ایک عہدہ ہے جس کا رینک ایک جنرل ہوتا ہے۔ اٹارنی جنرل کی بات پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سیکشن 255 میں وفاقی حکومت کا ذکر ہے، آرمی چیف کو وفاقی حکومت نہیں وزیراعظم کی سفارش پر صدر تعینات کرتے ہیں، جسے تعینات وفاقی حکومت نے نہیں کیا اسے حکومت چھیڑ بھی نہیں سکتی، آرمی چیف پر سیکشن 255 کا اطلاق نہیں ہوتا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ قواعد میں یہ نہیں لکھا کہ ریٹائرمنٹ سے پہلے ریٹائرمنٹ معطل ہو سکتی ہے، 4 اسٹار جنرل کی ریٹائرمنٹ کی کوئی عمر نہیں، لیفٹیننٹ جنرل تک ریٹائرمنٹ کی عمر موجود ہے، آرمی چیف ایک عہدہ ہے جس کا رینک ایک جنرل ہوتا ہے۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ جنہوں نے رولز بنائے ان کے ذہن میں کیا اسکیم تھی، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں پہلے 262 سی پڑھنا چاہتا ہوں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ محدود ہوسکتی ہے۔ دوران سماعت ہی جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ نارمل ریٹائرمنٹ کب ہوتی ہے، مدتِ ملازمت پوری ہو جائے تو کیا ریٹارمنٹ نہیں ہوتی؟ جس پر جواب دیا گیا کہ جی ریٹائرمنٹ ہوتی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 255 کی ذیلی شق اے میں مقررہ مدت پر ریٹائرمنٹ کا لفظ ہے، جو آپ کے حق میں نہیں، آرٹیکل 255 بی بھی آپ کے حق میں نہیں جا رہا، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ 1970 کے قوانین کے تحت ریٹائرمنٹ کی عمر متعین تھی تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کی ریٹائرمنٹ متعین نہیں یہ ایک عہدہ ہے جو جنرل رینک کا افسر ہوتا ہے۔
اسی دوران جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کو کیا وفاقی حکومت مقرر کر سکتی ہے، صدر، وزیراعظم کہ سفارش پر آرمی چیف کو آئینی عہدے کے لیے تعینات کرتا ہے۔ جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کو آرمی چیف کے جنرل کے عہدے پر غور کرنا ہوگا، اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ آرمی چیف اور جنرل کو الگ نہیں کیا جا سکتا، ہمارے سامنے صرف آرمی چیف کا معاملہ ہے کسی جنرل کا نہیں، شق 255 آرمی چیف کو ڈیل نہیں کرتی۔ جسٹس منصور نے کہا کہ وفاقی حکومت آرمی چیف کو تعینات کرتی ہے اور 255 کا اطلاق کرتی ہے، چیف آف آرمی اسٹاف کو وفاقی حکومت نہیں بلکہ صدر تعینات کرتا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ مدت تو 65 سال تک لکھی ہے، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ وہ تو پرانی اور غیر متعلقہ ہے، 255 اے، بی اور سی ریٹائرمنٹ سے متعلق ہے۔ چیف جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ اگر وفاقی حکومت آرمی چیف کی تعیناتی نہیں کرتی تو توسیع کیسے کرسکتی ہے، کیا مدت ختم ہوجائے تو کیا ریٹائرڈ ہو جائے گا، اس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جنرل کی ریٹائرمنٹ کی کوئی عمر نہیں، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ اس کا مطلب ہے کہ کسی ریٹائرڈ جنرل کو بھی آرمی چیف لگا سکتے ہیں، اس میں تو یہ بھی نہیں لکھا کہ آرمی چیف، آرمی سے ہوگا، ایسے تو آپ کو بھی آرمی چیف بنا سکتے ہیں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ کیا وزیراعظم کسی بھی ریٹائرڈ افسر کو گھر سے بلا کر چیف بناسکتے ہیں؟ جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ آئین میں ایسی کوئی ممانعت نہیں ہے، آئین کے مطابق ریٹائرڈ افسران کی آرمی چیف کے عہدے پر تعیناتی پر بھی پابندی نہیں۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ماضی میں ایڈہاک ججز کی مدت میں بھی توسیع دی گئی، ایڈہاک ججز کی مدت میں توسیع کا بھی آئین میں ذکر نہیں ہے۔
کسی نے دوبارہ سمری کو پڑھنے کی زحمت بھی نہیں کی، عدالت
جسٹس منصور علی شاہ نے اٹارنی جنرل انور منصور سے پوچھا کہ آرمی چیف کب ریٹائرڈ ہونگے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ آرمی چیف کل رات کو ریٹائر ہو جائیں گے، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پھر تو اس کا فوری فیصلہ ہونا چاہیے۔ ساتھ ہی جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ آرمی چیف کی دوبارہ تعیناتی کیسے ہوسکتی ہے جب وہ اسٹاف کا حصہ ہی نہیں ہوں گے، اسٹاف کا لفظ اسی لیے استعمال کیا جاتا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد اسٹاف کا حصہ نہیں ہوسکتا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کسی نے دوبارہ سمری کو پڑھنے کی زحمت بھی نہیں کی، کیا لکھا ہےاور کیا بھیج رہے ہیں یہ بھی پڑھنے کی زحمت نہیں کی، اس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ وزارتی معاملات ہیں غلطیاں ہوجاتی ہیں۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ آرٹیکل 243 کے تحت آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ہوئی، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس آرٹیکل کے تحت نئی تقرری ہوتی ہے، سمری میں تو وزیر اعظم نے سفارش ہی نہیں کی کہ توسیع دیں، وزیر اعظم نے نئی تقرری کی سفارش کی ہے اور صدر نے توسیع دی، لگتا ہے کسی نے کچھ دیکھا ہی نہیں کہ کیا ہو رہا ہے۔
عدالتی ریمارکس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ صدر نے جو دستخط کیے ہیں وہ بھی نئی تقرری کے ہیں، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ریٹائرڈ افسر کی تقرری کی گئی، آرمی چیف 29 نومبر کو ریٹائرڈ ہورہے ہیں اس کے بعد ان کی تقرری ریٹائرڈ جرنل کے طور پر ہوگی۔
وزارت قانون کی کوشش ہے کہ آرمی کو بغیر کمانڈ رکھا جائے، چیف جسٹس
چیف جسٹس آصف سعید نے کہا کہ آپ کی سمری پر لکھا ہوا ہے کہ آرمی چیف 29 نومبر کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے، اس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ آرمی چیف اس وقت تک ریٹائرڈ نہیں ہوتے جب تک وہ کمانڈ دوسرے جرنل کے حوالے نہ کریں۔ جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ایک طرف آپ کہتے ہیں کہ ریٹائرڈ ہورہے ہیں پھر کہتے ہیں ریٹائر نہیں ہورہے، پھر کہا جاتا ہے آرمی چیف ریٹائر ہوتے ہی نہیں، آپ اس کی وضاحت کریں۔
کوئی نہیں چاہتا آرمی کماںنڈ کے بغیر رہے، تاہم وزارت قانون کی پوری کوشش ہے کہ آرمی کو بغیر کمانڈ رکھا جائے، ایسے تو اسسٹنٹ کمشنر کی تعیناتی نہیں ہوتی جیسے آرمی چیف کی تعیناتی کی جارہی ہے، آرمی چیف کو شٹل کاک کیوں بنایا گیا، آرمی بغیر کمانڈ ہوئی تو ذمہ دار کون ہوگا۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزیر اعظم نے آرمی چیف کی مدت کم کر کے دوبارہ تعینات کیا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے جس سمری کو صدر نے منظور کیا اس میں تو ریٹائرڈ لکھا ہوا ہے۔عدالتی ریمارکس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ آرمی کو بغیر کمانڈ کے نہیں چھوڑا جا سکتا، جس پر چیف نے ریمارکس دیے کہ کوئی نہیں چاہتا آرمی کماںنڈ کے بغیر رہے، تاہم وزارت قانون کی پوری کوشش ہے کہ آرمی کو بغیر کمانڈ رکھا جائے، ایسے تو اسسٹنٹ کمشنر کی تعیناتی نہیں ہوتی جیسے آرمی چیف کی تعیناتی کی جارہی ہے، آرمی چیف کو شٹل کاک کیوں بنایا گیا، آرمی بغیر کمانڈ ہوئی تو ذمہ دار کون ہوگا۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ نے کہا کہ آج آرمی چیف کے ساتھ یہ ہو رہا تو کل صدر اور وزیراعظم کے ساتھ ہوگا، آپ خود کہتے ہیں کہ توسیع اور تعیناتی الگ چیزیں ہیں۔ فوجی باعزت ہوتے ہیں لیکن وزارت قانون نے مسودوں میں غلطیاں کرکے ان کو بے عزت کرنے کی کوشش کی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے اسی طرح ہمارے ایک ریٹائرڈ جج دیدار شاہ کے چیئرمین نیب کے نوٹیفکیشن میں اتنی غلطیاں کیں کہ ان کی شخصیت داغدار ہوگئی، جسٹس ریٹائر دیدار شاہ کو وزارت قانون نے رسوا کیا، وزارت قانون کی وجہ سے دیدار شاہ کی تعیناتی کالعدم ہوئی، اب بھی وقت ہے حکومت دیکھے یہ کر کیا رہی ہے اعلیٰ ترین افسر کے ساتھ تو اس طرح نہ کریں۔
ججز صرف اللہ کو جوابدہ ہیں، چیف جسٹس
جس پر اٹارنی جنرل نے انہیں جواب دیا کہ یہ کوئی نیا کام نہیں ہو رہا، ماضی میں بھی توسیع ایسے ہی ہوتی تھی، جس پر جسٹس مظہر عالم نے کہا کہ ماضی میں کسی نے کبھی توسیع کا عدالتی جائزہ نہیں لیا۔ ساتھ ہی چیف جسٹس نے کہا کہ رات کو اتنے بڑے دماغ بیٹھے لیکن پھر بھی غلطیوں پر غلطیاں کیں۔ نوٹیفکیشن جاری کرنے والوں کی ڈگریاں چیک کروائیں، آئینی اداروں میں روز ایسا ہوتا رہا تو مقدمات کی بھرمار ہوگی، کل تک کوئی حل نکال لیں، ناجائز کسی کو کچھ نہیں کرنا چاہیے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر یہ غیرقانونی ہے تو ہمارا حلف ہے کہ کالعدم قرار دیں، ججز صرف اللہ کو جوابدہ ہیں، اس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کمانڈ کی تبدیلی ضروری تقریب ہے، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کمانڈ کی تبدیلی تو ایک رسمی کارروائی ہے۔ دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ دوبارہ تعیناتی کا مطلب ہے ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ تعینات کیا جانا، تعیناتی والا نوٹیفکیشن کہتا ہے کہ آرمی چیف 29 نومبر کو ریٹائر ہو جائیں گے، اگر ان کی توسیع نا ہوتی اور وہ ریٹائر ہو جاتے تو کیا ہوتا؟ جس پر جواب دیا گیا کہ وہ اپنے ماتحت کو کمانڈ دیتے، حکومتی نوٹیفکیشن میں مدت نہیں دی گئی۔
سپریم کورٹ کے سامنے 3 اہم معاملات
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سمری میں آپ دوبارہ تعیناتی لکھتے ہیں اور نوٹیفکیشن میں توسیع لکھتے ہیں، آپ غلط کام کیوں کرتے ہیں، جب قانون موجود ہیں تو پھر کنونشن کہاں سے آگئے، کنونشن روایات ہیں جو برطانوی آئین سے اخذ کی گئی ہیں، جب آئین موجود ہے تو روایات کی کیا ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا تحریری قانون ہے کہ کنونشن برطانوی قانون میں ہیں، ہمارا قانون جہاں خاموش ہوتا ہے وہاں کنونشن کی ضرورت ہوتی ہے، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ مدت کے معاملے پر خاموشی ہے اس لیے کنونشن کا حوالہ دیا۔ عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس نے کہا کہ کابینہ، وزیراعظم اور صدر تینوں کی سمریوں میں نقطہ نظر الگ ہے، کل تک معاملےکا حل نکال لیں ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں، ہم نے قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمارے سامنے 3 معاملات ہیں، پہلا معاملہ قانونی ہے، دوسرا طریقہ کار سے متعلق ہے اور تیسرا آرمی چیف کو توسیع کی وجوہات ہیں، پہلے 2 معاملات بہت اہم ہیں پھر ہمیں فیصلہ دینا ہوگا۔
فروغ نسیم اپنا مسئلہ حل کرکے آئیں، عدالت
عدالت نے سابق وزیرقانون فروغ نسیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھی اپنا مسئلہ پاکستان بار کونسل کے ساتھ مل کرحل کرکے آئیں یہ نا ہو کہ آپ دلائل نا دے سکیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کل آپ اپنا ایسوسی ایٹ ساتھ لائیں وہ دلائل دے گا اور آپ اس کی معاونت کر سکیں گے۔
اس پر فروغ نسیم نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے ان کا لائسنس بحال کر دیا تھا، بار کی سیاست کی وجہ سے میرا لائسنس منسوخ ہوا جو بعد میں بحال ہو گیا، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کہیں یہ نا ہو کہ آپ کے لائسنس کی بحالی میں سارا دن گزر جائے۔بعد ازاں عدالت نے مذکورہ کیس کی سماعت کو کل صبح ساڑھے 9 بجے تک ملتوی کردیا۔
Comments are closed.