اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے سے اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی۔ آج بیرونی دشمنوں اور اندرونی مافیا کے لیے بھی مایوسی کا دن ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کے تصادم سےملک میں عدم استحکام لانے والوں کو شکست ہوئی، یہ ہمارے بیرونی دشمنوں اور اندرونی مافیا کے لیے بھی مایوسی کا دن ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مافیا نے ملک سے لوٹی ہوئی دولت باہر بھجوائی، یہ مافیا اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کے لیے ملک میں عدم استحکام چاہتا ہے، لیکن ملک میں عدم استحکام چاہنے والوں کی خواہشات کے برعکس اداروں میں تصادم نہیں ہوا۔
عمران خان نے کہا ہے کہ میرے دل میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے لیے بے حد احترام ہے،وہ ملک کے عظیم ججز میں سے ایک ہیں، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سال پہلے آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کے لیے تحریک انصاف نے آواز اٹھائی، ججز بحالی تحریک میں پی ٹی آئی صف اول پر کھڑی تھی، عدلیہ کی آزادی کے لیے میں نے جیل کاٹی۔
Comments are closed.