پاکستان میں کورونا وائرس کی صورت حال بدستور تشویشناک ہے، ایک دن میں مزید 80 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جب کہ تین ہزار 772 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے ایکٹو کیسز کی تعداد 89 ہزار 919 ہوچکی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ ایک دن میں 53 ہزار 881 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے تین ہزار سات سو بہتر افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد ملک میں اب تک سامنے آنے والے کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 27 ہزار 584 ہو گئی۔
این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 20 ہزار 955 تک پہنچ گئی ہے، پنجاب میں 3 لاکھ 80 ہزار844، خیبرپختونخوا میں 1 لاکھ 57 ہزار 148 کیسز ہیں، اسلام آباد میں 96 ہزار 390، گلگت بلتستان میں 9 ہزار656، بلوچستان میں 31 ہزار 845 اور آزاد جموں و کشمیر میں 30 ہزار 746 کیسز ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 47 ہزار 868 ہے، پنجاب میں 23 ہزار425 اور خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 658 ایکٹو کیسز ہیں، اسلام آباد میں 5 ہزار 603، گلگت بلتستان میں 658، بلوچستان میں 522 اور آزاد جموں و کشمیر میں 4 ہزار 185 ایکٹو کیسز ہیں۔
این سی اوسی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 80 افراد کی اموات ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 25 ہزار 3 ہو گئی ہے ، ملک بھر میں اب تک 10 لاکھ 12 ہزار 662 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسوں کی شرح 7.0 فیصد رہی۔
Comments are closed.