مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے 6 ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگ لی

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے 6 ہفتے کیلئے باہر جانے کی اجازت مانگ لی، سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے نام ای سی ایل نکلوانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ پیر کے روز درخواست پر سماعت کرے گا۔ مریم نواز نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں وزارت داخلہ، ایف آئی اے، چئیرمین نیب اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے باوجود بیمار والدہ کو چھوڑ کر بیرون ملک سے والد کے ساتھ واپس آئی، موقف سنے بغیر نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کیا گیا، ای سی ایل میں نام شامل کرنے کا میمورنڈرم غیر قانونی اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے درخواست میں کہا ہے کہ ان کے والد ( نواز شریف) کی صحت تشویشناک ہے، انتہائی نگہداشت کے وقت والد کے ساتھ نہ ہونے پرسخت ذہنی دباؤ میں ہوں۔ ان کا اپنے والد کے ساتھ ہونا بہت ضروری ہے۔

مریم نواز نے پٹیشن میں 6 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ان 6 ہفتوں کا وقت بیرون ملک روانگی کے دن سے شروع کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانے کے لیے ایک بار کی اجازت دی جائے اور ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع پاسپورٹ بھی واپس دیا جائے۔

مریم نواز نے  اپنی درخواست پٹیشن میں وفاق، ایف آئی اے، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سیل کو فریق بنایا ہے۔ ان کے علاوہ مریم نواز نے درخواست میں چئیرمین نیب اور ڈی جی نیب کو بھی فریق بنایا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  قومی احتساب بیورو (نیب ) نے سپریم کورٹ سے لاہور ہائیکورٹ کے مریم نواز کی ضمانت بعد از گرفتاری کی رعایت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی ہے۔

Comments are closed.