اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان انفرادی، قومی اور خطے کی ترقی کے لئے علاقائی تعاون کی طاقت پر یقین رکھتا ہے۔
35 ویں سارک چارٹر ڈے کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سارک ممالک کے دوراندیش رہنماؤں نے جنوبی ایشیا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سارک چارٹر مرتب کیا۔ آج کا دن ہماری توجہ غربت، جہالت، بیماری اور پسماندگی کے خاتمے کی طرف دلاتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سارک پراسس کو کامیاب بنانے کے لئے پُرعزم ہے، توقع ہے کہ سارک پراسس میں حائل رکاوٹیں دور کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انفرادی، قومی اور خطے کی ترقی کے لئےعلاقائی تعاون کی طاقت پر یقین رکھتا ہے، برابری اور باہمی عزت کے اصول پر کاربند رہتے ہوئے موثرعلاقائی تعاون کے حصول کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
Comments are closed.