کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ضیاء اور مشرف آمریت کا مقابلہ کیا، سلیکٹڈ حکمرانوں کا بھی مقابلہ کریں گے،27 دسمبر کو راولپنڈی آرہے ہیں، ملک گیرتحریک کے لیے عوامی پالیسی کا اعلان کریں گے۔
سندھ کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 27 دسمبر کو اسی مقام پرجلسہ رکھا ہے جس شہر میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو اوربے نظیربھٹو کو شہید کیا گیا، پیپلزپارٹی کوختم کرنے کی بہت کوشش کی گئی مگر پارٹی ختم نہ ہوئی ہم پھر راولپنڈی آرہے ہیں، پیپلز پارٹی کا ہرکارکن اوراس ملک کے عوام بھٹو کے نقش قدم پر چل کر اپنی منزل پرپہنچیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ضیاء اور مشرف آمریت کا مقابلہ کیا، سلیکٹڈ حکمرانوں کا بھی مقابلہ کریں گے،27 دسمبر کو راولپنڈی آرہے ہیں، ملک گیرتحریک کے لیے عوامی پالیسی کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کو سلیکٹیڈ حکمران اور سلیکٹر دونوں قبول نہیں، جب سازش کرکے حکومتیں بٹھائی جاتی ہیں تو وہ عوام کا سوچنے کی بجائے اپنے سلیکٹر کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں، آج عوامی اورمنتخب حکومت ہوتی تو کبھی غریب کا معاشی قتل نہ ہوتا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو راولپنڈی میں عوامی پالیسی کا اعلان کریں گے، پنجاب کے بعد بلوچستان اور خیبر پختونخوا جائیں گے، رائے عامہ بیدار کرنے کے لیے پیپلزپارٹی 27 دسمبر کے بعد ملک گیر مہم چلائے گی، مجھے یقین ہے لوگ شہید بے نظیربھٹو کی طرح میرا ساتھ دیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آصف زرداری کی رہائی خوشی کی خبر ہے وہ کراچی میں رہیں گے، ہم ان کا علاج کراچی میں ہی کرائیں گے، ہمارے خلاف سندھ میں ہر دو گھنٹے بعد سازش کی جاتی ہے، سلیکٹڈ کو خواب میں نظر آتا ہے کہ اسے سندھ حکومت مل رہی ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ جس طرح باقی صوبوں میں کٹھ پتلی وزیراعلیٰ ہیں سندھ میں بھی کٹھ پتلی وزیراعلیٰ ہو اورسندھ کا کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمران نیازی کے اشاروں پرچلے۔
Comments are closed.