اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو گرفتار کرلیا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کو ’نارروال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس‘ میں گرفتار کر لیا ہے۔ نیب ترجمان کے مطابق احسن اقبال پرالزام ہے کہ انہوں نے نارووال میں 30 کروڑ لاگت کا منصوبہ 3 ارب روپے میں منظور کرایا۔
اعلامیے کے مطابق ترقیاتی منصوبے میں خوردبرد کے مقدمے میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے احسن اقبال کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے، جن کی تعمیل کرتے ہوئے نیب راولپنڈی نے سابق وفاقی وزیر کو گرفتار کیا۔
نیب نے احسن اقبال کی گرفتاری کے بعد ان کے طبی معائنے کیلئے اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال کا میڈیکل بورڈ بنانے کی درخواست کی، جس کے بعد ن لیگ کے سیکرٹری جنرل کا طبی معائنہ کیا گیا۔ نیب ٹیم احسن اقبال کو احتساب عدالت میں جسمانی ریمانڈ کیلئے پیش کرے گی۔ گزشتہ روزنیب حکام نے اسپورٹس سٹی میں تعمیرات کے معیار کا جائزہ لیا جس سے معلوم ہوا کہ منصوبہ ابھی نامکمل ہیں۔
حکومت مخالفین کو دبانے کیلئے اداروں کا استعمال کر رہی ہے، احسن اقبال
قبل ازیں نیب دفتر آمدکے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج دوست ملک پاکستان کی حالت دیکھ کرجان چھڑا رہے ہیں وزیراعظم عمران خان بین الاقوامی گدا گر بن چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس کارکردگی دکھانے کو کچھ نہیں تین بااعتماد دوست،چین، ترکی اورسعودی عرب کے ساتھ تعلقات جس نہج پر پہنچا دیئے گئے ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ سرمایہ کاروں نے بھی ہاتھ کھینچ لیا ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے خلاف اٹھنے والی آواز کو دبانے کیلئے کردارکشی اور اداروں کو استعمال کر رہی، عمران خان کی دھمکیوں سے نہیں جھکیں گے، انتقامی ایجنڈا سے داخلی استحکام تباہ ہوچکا ہے جب کہ مسلم امہ کیلئے مثال بننے کے خواہاں عمران خان نے ملک انتشارمیں ڈال دیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس مںصوبے کی منظوری 2009 میں ہوئی جب وہ اپوزیشن میں تھے،ڈھائی ارب لاگت والے منصوبے میں چھ ارب کرپشن کیسے ہوسکتی ہے، اس کیس سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت نہیں محض اخبارکی ایک خبرپران پرالزام عائد کیا جارہا ہے۔ حکومت کردارکشی کیلئے نیب کواستعمال کررہی،نیب کا بلاوا اب بے عزتی نہیں رہا۔
Comments are closed.