اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ نئے پاکستان میں میرٹ کا سسٹم لانا ہے،2018 کا سال مشکل تھا، 2019 میں اپنی معیشت کو استحکام دیا، 2020 پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیز قوم کا سرمایہ ہیں، یہ لوگ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ بیرون ملک محنت مزدوری کرنے والوں سے ہی پاکستان چل رہا ہے۔ ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے۔ ہماری کوشش ہےکہ اوورسیز پاکستانیوں کےلیےآسانیاں پیداکریں۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت کا سب سے بڑا کام اپنے عوام کی زندگیوں کو آسان کرنا ہوتا ہے۔ عظیم ملک اس وقت بنے گا جب حکومت اپنے عوام کے لیے کام کرے گی۔ عوام فرسودہ نظام میں دبے ہوئے ہیں۔ نیا پاکستان نئی سوچ کا نام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ پہلے دن نہیں بنی تھی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے پہلے لوگوں کے ذہن تبدیل کیے۔ جمہوری حکومت عوام کی ہوتی ہے، یہ سوچ آہستہ آہستہ تبدیل ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں میرٹ کا سسٹم لانا ہے،2018 کا سال مشکل تھا، 2019 میں اپنی معیشت کو استحکام دیا، 2020 پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا۔ اس سال عوام کے لیے نوکریاں پیدا کی جائیں گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غربت کے خاتمے کے لیے احساس پروگرام پرعمل درآمد کر رہی ہے۔ اب عوام کو پتہ چلے گا کہ حکومت ان کی خدمت کر رہی ہے۔
Comments are closed.