پاک فوج بھارت کی کسی جارحیت پر27 فروری کے ردعمل سے زیادہ مہلک جواب دینے کیلئے تیار

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نےکا کہنا ہے کہ بھارت 27 فروری 2019ء کو پاکستان کے ردعمل کا مزہ چکھ چکا ہے پاک فوج آئندہ کسی جارحیت پر پہلے سے زیادہ سخت اور انتہائی مہلک جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف منوج موکنڈ نراوانے کی جانب سے آزاد کشمیر پر حملے کی گیدڑ بھبھکی  پر کرارا جواب دیتے ہوئے 27 فروری 2019 کی تاریخ یاد کروا دی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا آزاد کشمیر پر حملے کا بیان ثابت کرتا ہے کہ بھارت کے ریاستی اداروں میں بھی انتہاء پسند سوچ پیوست ہو چکی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی وحشی فسطائی ذہنیت عیاں ہو چکی، بھارت کا انتہا پسند، دہشتگرد اور فاشسٹ ہندتوا ایجنڈا علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت 27 فروری 2019ء کو پاکستان کے ردعمل کا مزہ چکھ چکا، پاکستانی مسلح افواج آئندہ کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا پہلے سے زیادہ سخت اور انتہائی مہلک جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہم بھارت کے پرتشدد فسطائی ذہنیت کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر اور علاقائی امن کو لاحق خطرات سے آگاہ ہیں۔ عالمی برادری کو مقبوضہ وادی اور بھارت کے اندر اقلیتوں کےخلاف ہونے والے۔مظالم کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔

Comments are closed.