اسلام آباد: پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور برف باری نے تباہی مچا دی، مختلف واقعات میں 92 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ درجنوں زخمی اور متعدد لاپتہ ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برفانی تودے گرنے اور شدید برفباری سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق آزاد کشمیر میں بارش اور برف باری سے ہلاکتوں کی تعداد 62 ہوگئی ہے جبکہ وادی نیلم میں برفانی تودے میں پھنسے مزید افراد کی تلاش اب بھی جاری ہے۔ پاک فوج کے جوان اور رضاکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ لوات، شونتھر، کیل، دودھنیال، پھولاوئی اور شاردہ میں 16 افراد قدرتی آفت کی وجہ سے زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
دوسری جانب بلوچستان میں مختلف حادثات میں 20 افراد جاں بحق جب کہ 35 گھر تباہ ہو چکے ہیں۔ چمن سے کوئٹہ شاہراہ جزوی بحال کر دی گئی ہے تاہم مری اور گلیات میں راستے بند ہیں۔ برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ کان مہترزئی سے 200 افراد کو نکال لیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں 3 افراد زخمی ہوئے جبکہ پنجاب میں بارش سے چھت گرنے اور کرنٹ لگنے سے 9 افراد لقمہ اجل بنے۔ راجن پور 3، خانیوال 5 اور جھنگ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ دوسری جانب سکھر میں بھی ایک شخص چھت گرنے سے جاں بحق ہوا۔
سرگن حادثے میں 53 افراد زخمی ہوئے جنہیں آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ مقامی رضاکار اور پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں لیکن راستوں کی بندش کے باعث امدادی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔
وادی کوئٹہ اور گردونواح میں ریکارڈ طوفانی بارشوں اور برفباری کے بعد پیدا ہو نے والی ہنگامی صورتحال برقرار ہے۔ برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر جانے کے بعد گیس پریشر میں کمی ساتھ گزشتہ تین روز سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے بھی شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
ادھر آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برفانی تودہ گرنے اور شدید برفباری سے ہونے والے جانی نقصان پراظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے پاک فوج کو متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کو ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، آرمی ہیلی کاپٹرز کی مدد سے شاردہ، سرگان، بکوال اور تائو بٹ میں امدادی سامان کی فراہمی ممکن بنائی گئی، پاک فوج کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بارش اور برفباری سے متاثرین کو علاج معالجے کی فراہمی میں مصروف ہیں، متاثرہ خاندانوں میں خیمے، کمبل اور راشن و ادویات بھی تقسیم کی گئی ہیں۔

Comments are closed.