اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں شدید بارشوں، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج، این ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں کو امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے بھاری جانی نقصان ہوا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاک فوج، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، دیگر اداروں اور اراکین قومی اسمبلی کو متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کے برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کا خود معائنہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اس مقصد کے لئے وہ بدھ کو آزاد کشمیر کا دورہ کر کے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیں گے، اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں گے۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
Comments are closed.