اسلام آباد: طویل ترین ڈیڈلاک اور مختلف مشاورتی اجلاسوں کے بعد بالآخر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کے تقرر کے معاملے پر اتفاق ہو گیا، نئے چیف الیکشن کمشنر کے لئے سلطان سکندر راجا کے نام کا اعلان کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے دو اراکین و چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کےلیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن شیریں مزاری کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں سکندر سلطان راجہ کو چیف الیکشن کمشنر جبکہ نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی کو الیکشن کمیشن ارکان بنانے پر اتفاق کرلیا گیا۔ سکندر سلطان راجہ کا نام وزیراعظم عمران خان نے جبکہ نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی کا نام اپوزیشن نے تجویز کیا تھا۔
چیئرپرسن شیریں مزاری نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سکندر سلطان راجہ نئے چیف الیکشن کمشنر ہوں گے، نثار درانی الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ اور شاہ محمد جتوئی الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان ہونگے۔
شیریں مزاری نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کے فیصلے سے وزیراعظم کو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے، صدر مملکت عارف علوی فیصلہ کی منظوری دیں گے جس کے بعد وزارت پارلیمانی امور نوٹیفکیشن جاری کرے گی اور پھر چیف الیکشن کمشنر حلف اٹھائیں گے۔
سکندر سلطان راجہ سابق بیورو کریٹ ہیں اور مختلف حکومتوں میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری آزاد کشمیر، سیکریٹری پیٹرولیم اور ریلویز کے اہم ترین عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
دونوں صوبوں کے الیکشن کمیشن ارکان 26 جنوری 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے اور آئین کے مطابق 45 روز کے اندر ممبران کی تقرری ضروری ہے لیکن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات کی وجہ سے ایک سال بعد یہ تقرریاں عمل میں آئی ہیں۔
Comments are closed.