بریگزٹ کے بعد برطانیہ اور یورپی ممالک کے عوام کے لئے مختلف مسائل سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، برطانیہ سے سپین جانے والے9 افراد کو سفری دستاویزات کارآمد نہ ہونے کی بناء پر لندن ایئرپورٹ پر روک دیا گیا۔
لندن سے میڈرڈ جانے والے نو افراد کو ایئرلائن کے عملے نے جہاز پر سوار ہونے سے روکتے ہوئے بریگزٹ کے بعد اُن کے پاس موجود سفری دستاویزات کی حیثیت پر سوالات اٹھا دیئے۔ ایئرلائن عملے کا موقف تھا کہ قوانین کی تبدیلی کے بعد موجودہ دستاویزات (این آئی ای اور ٹی آئی ای) پر سفر نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ برطانوی شہریوں کو سپین میں بطور غیر ملکی شہری کو آئی ڈی کارڈ یعنی نومیرو ڈی ایدنتیفیکشن دی ایکستراہیروس (این آئی ای) جاری کیا جاتا ہے جب کہ حکومت برطانیہ کی جانب سے ہسپانوی شہریوں کو بطور غیر ملکی کارڈ ٹی آئی ای جاری کیا جاتا ہے، یہ نظام برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کے عمل کے تناظر میں متعارف کرائے گئے تھے۔
سپین اور برطانیہ کی حکومتوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ بریگزٹ کے بعد بھی دونوں ممالک کے درمیان آمد و رفت کے لئے برطانوی و ہسپانوی شہری این آئی ای اور ٹی آئی ای کے ذریعے سفر کر سکیں گے تاہم حالیہ واقعہ نے عوام میں تشویش کی لہر پیدا کر دی ہے۔
لندن سے میڈرڈ جانے سے روکے گئے افراد میں برطانوی صحافی اور فوٹوگرافر میکس ڈنکن بھی شامل تھے جنہوں نے واقعہ کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اس بارے میں آگاہ کیا جس کے بعد میڈرڈ میں برطانوی سفارتخانے کی جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا کہ ایئرلائن کی جانب سے مسافروں کو نہیں روکا جانا چاہیے، جب کہ ہسپانوی حکام نے بھی تصدیق کی کہ برطانوی شہری گرین کارڈ پر سفر کرسکیں گے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سپین میں 3 لاکھ 70 ہزار سے زائد برطانوی شہری رہائش پذیر ہیں، برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد یہ افراد سپین میں رہائش کیلئے کارڈ حاصل کر سکتے ہیں تاہم ان کو مستقل پتہ، مقامی بنک اکاونٹ اور ملازمت کے کاغذات درخواست کے ساتھ ظاہر کرنا ہوں گے، ہسپانوی حکام نے سپین میں رہائش پزیر برطانوی افراد کو تصویر والا نیا کارڈ جاری کرنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔
Comments are closed.