چین سےدفاعی سامان کی پاکستان منتقلی کابھارتی دعویٰ غلط اوربےبنیادہے،عائشہ فاروقی

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے چین سے کمرشل بحری جہاز کے ذریعے مبینہ دفاعی سازوسامان پاکستان منتقل کرنے کے بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان آنے والے ایک کمرشل بحری جہاز کی تلاشی اور سامان ضبطی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، پاکستان میں سامان درآمد کرنے والی ایک نجی کمپنی نے بھی دفترخارجہ سے رابطہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ جس سامان پر بھارتی حکام نے سوال اٹھایاہے وہ ایک ہیٹ ٹریٹمنٹ فرنس کیسنگ سسٹم ہے جس کے کئی صنعتی استعمال ہیں، یہ سامان کسی بھی بین الاقوامی طور پر ممنوعہ اشیاء کی فہرستوں میں شامل نہیں ہے اور یہ دنیا بھر میں صنعتی استعمال میں لایا جاتا ہے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ بھارتی دعووں کے برعکس اس سامان کو دستاویزات میں باقایدہ طور پر ظاہر کیا گیا اور کسی قسم کی معلومات کو چھپانے کی کوشش نہیں کی گئی ہے، اس سامان کے ممکنہ فوجی استعمال سے متعلق کے دعوے حقائق کے برعکس اور غلط ہیں۔

Comments are closed.