بجلی اورگیس کی قیمتیں کسی صورت نہیں بڑھائیں گے، ان میں کمی کی کوشش کریں گے، وزیراعظم

مہمند: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں کسی صورت نہیں بڑھیں گی، بلکہ ان میں مزید کمی کی کوشش کریں گے، عوام اور انڈسٹری پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، ذخیرہ اندوزی کر کے پیسہ بنانے والوں کو نہیں چھوڑوں گا۔

مہمند میں جلسے عام سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7 ماہ سے بھارتی فوج نے کشمیریوں کو گھروں میں بند کر رکھا ہے، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، اللہ تعالیٰ نے مشکل وقت میں صبر کو بہترین صفت قرار دیا ہے، مودی کا نظریہ انسانوں سے نفرت پر مبنی ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ کشمیریوں کو اس ظلم سے آزاد کرے، آر ایس ایس کے غنڈوں نے دلی میں مسلمانوں پر ظلم کیا، ساری دنیا نے دیکھا دلی میں پولیس سے مل کر مسلمانوں پر ظلم کیا، مودی کا نظریہ سب اقلیتوں کیخلاف ہے۔

عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے میرے دل سے دعا نکلتی ہے، پاکستان کی کوشش ہے افغانستان میں امن و استحکام آئے، 40 سال سے افغانستان کے لوگوں پر عذاب آیا ہوا ہے، اللہ کرے افغان امن عمل کامیاب ہو، کوشش کروں گا افغان بارڈر کھلے تا کہ تجارت شروع ہو۔

وزیراعظم نے علاقے میں تھری اور فور جی سروس لانے کی ذمہ داری مراد سعید کو سونپ دی۔ تھری اور فور جی سروس وزیر مواصلات مراد سعید قبائلی علاقوں میں لائیں گے، موبائل فون سے گھر بیٹھے بچوں کو تعلیم مل رہی ہے۔

عمران خان نے کہا گزشتہ حکومت نے بجلی کی پیداوار کیلئے 40 سال کے معاہدے کر رکھے ہیں، حکومت میں آئے تو گردشی قرضے بڑھ چکے تھے اور ان میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا، مجبوراً بجلی کی قیمتیں بڑھانا پڑیں، بنگلادیش اور بھارت میں بجلی سستی، یہاں مہنگی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب بجلی اور گیس کی قیمتیں کسی صورت نہیں بڑھیں گی، اپنے لوگوں پرمزید بوجھ نہیں ڈالنے دیں گے، بلکہ قیمتوں میں مزید کمی کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا فکر نہ کریں مشکل وقت گزر گیا ہے،وعدہ کرتا ہوں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا، رپورٹ آنیوالی ہے کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جس ملک کے حکمران کرپٹ ہوں وہ کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتا، وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی ملک غریب نہیں ہوتا، بلکہ حکمران پیسہ چوری کر کے باہر جائیں تو اس وقت ملک غریب ہوتے ہیں، کرپٹ حکمران ملک کا پیسہ چوری کر کے لندن، امریکا میں بڑے گھر لے لیتے ہیں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جن کے اکاؤنٹ، کاروبار اور محل بیرون ملک ہیں انہیں کبھی ووٹ نہ دیں، میرے اوپرالزام لگایا گیا کیا میں لندن بھاگ گیا ؟ 10 ماہ میں عدالت کو تمام دستاویزات دیں، جب چوری نہ کی ہو تو لندن بھاگنے کی ضرورت نہیں ہوتی، ملک اس لیے آگے نہ بڑھ سکا کیونکہ یہاں کرپٹ لوگ حکمران تھے۔

Comments are closed.