کراچی/ پشاور/ اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پنجے گاڑھنے لگا ہے، سندھ میں کورونا وائرس کے 47 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی جب کہ خیبر پختونخوا میں بھی خطرناک وائرس سے متاثرہ 15 افراد سامنے آگئے جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی طور پر تعداد 183 تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس نے عوام میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق سکھر میں تفتان سے آنے والے زائرین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 119 ہو گئی ہے۔ کراچی میں کورونا کے 30 کیسز جبکہ حیدر آباد میں ایک کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی کُل تعداد 150 ہوچکی ہے۔
اس سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اراکین صوبائی اسمبلی کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تفتان سے آنے والے مزید 24 افراد کے ٹیسٹ کا نتیجہ آیا ہے جن میں سے 15 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، اب تک کراچی میں 26، سکھر میں 76 اور حیدر آباد میں ایک کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا ہے۔
قبل ازیں سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ تفتان سے سکھر آنے والے 11 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور اب ان تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح ہی ایران سے تفتان سرحد کے ذریعے سندھ کے شہر سکھر آنے والے 50 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔ صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا تھا کہ سکھر کے 50 کیسز کے علاوہ 25 کیسز کراچی اور حیدرآباد کے ایک کیس کے ساتھ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی تھی۔
اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا سے متاثر ہونے والے 2 افراد اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ باقی افراد کو جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی انہیں قرنطینہ (تنہائی) میں رکھا گیا ہے۔اس طرح اگر صرف آج کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو سندھ میں ایک روز میں مزید 68 افراد کے خطرناک کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
دوسری جانب ہلاکت خیز کورونا وائرس خیبرپختونخوا کے علاقوں تک پھیل گیا ہے، کے پی کے میں اس وائرس سے 15 افراد متاثر ہوئے ہیں، صوبائی وزیرصحت تیمور خان جھگڑا نے کے مطابق خیبرپختونخوا میں 15 مریضوں میں کورونا کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ یہ افراد بھی تفتان سے واپس آئے تھے اور انہیں ڈیرہ اسماعییل خان کے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ دسمبر 2019 میں چین کے صوبے ہوبے کے دارالخلافہ ووہان سے شروع ہونے نوول کورونا وائرس نے دنیا کے تقریباً 156 ممالک میں پنجے گاڑھ لیے ہیں اور اس سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 56 ہزار 400 سے زائد افراد متاثر ہوئے۔اس عالمی وبا کے باعث اب تک کم از کم 6 ہزار 513 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ 3 ہزار 99 اموات چین میں ہوئیں۔
Comments are closed.