کورونا کے وار،مزید 152 پاکستانی شکار۔۔ ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 453 تک پہنچ گئی

اسلام آباد: مختلف ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں 152  نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 453 تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ میں 37 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جب کہ پنجاب میں 45، بلوچستان میں 58، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت بلتستان میں مزید 8 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سندھ کے محکمہ صحت کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے پہلے سندھ میں 3 نئے کیسز کی تصدیق کی، بعد ازاں انہوں نے مزید 2 نئے کیسز کی بھی تصدیق کردی۔انہوں نے بتایا کہ پانچوں نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کُل مریضوں کی تعداد 213 تک پہنچ چکی ہے۔ چند گھنٹے بعد میران یوسف نے کراچی میں مزید 4 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 217 ہوگئی ہے۔

جس کے بعد میران یوسف نے کراچی میں مزید 28 افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں اس وبا میں مبتلا افراد کی تعداد 245 ہوگئی۔ اگر صوبہ سندھ کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو میران یوسف کے مطابق 151 کیسز تفتان سے سکھر آنے والے زائرین کے ہیں جبکہ 93 کیسز کراچی اور ایک حیدر آباد سے ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 45 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 78 تک پہنچ گئی ہے، وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان 78 لوگوں میں سے 60 لوگ زائرین ہیں اور ہمارے قرنطینہ مراکز میں موجود ہیں۔

اس موقع پر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے اکٹھے رہنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ اس سے پھیلاؤ نہیں ہوگا، تاہم ہم نے منفی کیسز کو الگ کردیا ہے۔گزشتہ روز پنجاب میں کیسز کی تعداد 33 تھی جس کے بعد آج یہ تعداد 45 نئے کیسز کے ساتھ 78 تک جا پہنچی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان میں بھی مزید 22 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔اس حوالے سے صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ اب تک صوبے میں 45 افراد میں کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صوبے میں کورونا وائرس کے 76 مریضوں کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا کہ 353 افراد کے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے تھے جن میں سے 76 کے نتیجے مثبت آئے ہیں۔

چند گھنٹے بعد ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے بیان میں کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 81 ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مزید 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جنہیں علاج کے لیے آئسولیش رومز میں منتقل کیا جارہا ہے جب کہ لیبارٹری رپورٹس آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا حکام کی جانب سے پہلے دیے گئے اعداد و شمار میں تصحیح کرتے ہوئے صوبے میں 4 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے، قبل ازیں محکمہ ریلیف کے ترجمان لطیف الرحمان نے کہا تھا کہ صوبے میں آج 15 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔تاہم بعد ازاں صوبائی وزیرصحت کی ٹیم نے اعدادوشمار میں تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں نئے کیسز کی تعداد 15 نہیں 4 ہے۔

محکمہ صحت گلگت بلتستان کے فوکل پرسن ڈاکٹر شاہ زمان نے مزید 8 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 21 ہوگئی ہے۔ انہوں کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں 82 نمونوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جبکہ آئندہ دو روز میں عوامی مقامات پر اسپرے کا آغاز کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ملک بھر سے ان نئے کیسز کے ساتھ اب تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 453 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس عالمی وباء سے پاکستان میں 2 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، متاثرہ افراد میں سے سندھ میں 245، پنجاب میں 78، بلوچستان میں 81، خیبرپختونخوا میں 23، گلگت بلتستان میں 15، اسلام آباد میں 2 افراد اور آزاد کشمیر میں ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہے۔

Comments are closed.