کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے پنجاب اور بلوچستان نے بھی فوج طلب کر لی

لاہور/ کوئٹہ : ملک بھر میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں نے بھی فوج کی مدد طلب کرلی ہے۔

بلوچستان حکومت نے آرٹیکل 245کے تحت پاک فوج کو سول اختیارات دینے کےلیے خط لکھ دیا ہے، صوبائی حکومت کے مطابق صوبے بھر میں ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوج کو سول اختیارات حاصل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے بھی صوبے میں فوج طلبی کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

گزشتہ روز سندھ حکومت نے بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے وفاق سے صوبے میں فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔ حکومت سندھ نے وفاقی وزارت داخلہ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سول ایڈمنسٹریشن کی مدد کے لیے افواج پاکستان کو تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ ریلیف کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے سبب صوبے بھر میں 3 روز کے لیے لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے، صوبے میں کریانہ، دودھ، ادویات ، بیکری، سبزی، فروٹ، پٹرول پمپ کھلے رہیں گے جب کہ بقیہ سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔

Comments are closed.