اسلام آباد: دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے ملک بھر میں کورونا کا شکار افراد تعداد 956 تک پہنچ چکی ہے جب کہ اس خطرناک انفیکیشن سے پنجاب میں پہلی ہلاکت کے بعد مجموعی اموات 7 ہو گئیں۔
عالمی وباء کے باعث پنجاب میں مزید 16 کیسز، سندھ میں مزید 13 کیسز، خیبرپختونخوا میں 40 اور گلگت بلتستان میں مزید 9 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 956 ہوگئی۔
سندھ میں 13 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 407 ہوگئی۔ اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے بتایا کہ نئے آنے والے کیسز میں 8 کراچی سے ہیں جو مقامی سطح پر منتقل ہوئے جب کہ دیگر 5 کیسز ایران سے سکھر آنے والے زائرین کے ہیں۔
مریضوں کی مزید تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں سکھر کے سوا دیگر صوبے میں 142 کیسز ہیں جس میں سے 141 کیسز کراچی اور ایک دادو سے ہے، جس میں سے 4 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 137 زیر علاج ہیں۔
ان 141 کیسز میں 90 کیسز ایسے ہیں جو مقامی سطح پر منقل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر کیسز تفتان سے سکھر آنے والے زائرین ہے، جس میں 265 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ 3 ہزار 149 افراد کے نتائج منفی آئے ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف کا کہنا تھا کہ ان 16 نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 265 ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ ان کیسز میں 176 وہ زائرین ہیں جو ایران سے پاکستان آئے، اس کے علاوہ 59 کیسز لاہور، 2 ملتان، 2 راولپنڈی، 12 گجرات، 3 جہلم، 7 گوجرانوالہ اور ایک ایک فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، رحیم یار خان اور سرگودھا سے ہے۔
اس سے قبل وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ پنجاب میں بدقسمتی سے کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا ہے متاثرہ57 سالہ شخص میو ہسپتال میں زیرعلاج تھا،انہوں نے لکھا کہ یہ پورے ملک کے لیے مشکل وقت ہے، اس وبا سے لڑنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ گھروں میں رہیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔
ادھر محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 40 کیسز سامنے آئے ہیں۔ان میں سے 37 کیسز ڈیرہ اسماعیل خان، 2 پشاور اور ایک کیس جنوبی وزیرستان میں سامنے آیا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں مجموعی تعداد 78 ہوگئی ہے۔
اس وائرس سے ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد956 تک جاپہنچی ہے جب کہ 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 3 کا تعلق خیبرپختونخوا، ایک کا سندھ، ایک کا گلگت بلتستان اور ایک بلوچستان سے ہے۔
اگر ملک میں مجموعی تعداد پر نظر ڈالیں تو اس وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 407 ہے جبکہ پنجاب 265 متاثرین کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ بلوچستان میں 110 افراد جبکہ گلگت بلتستان میں 80 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص متاثر ہے۔ گلگت بلتستان میں 9 مزید کیسز رپورٹ ہونے سے علاقے کے متاثرین کی تعداد 80 ہوگئی۔
Comments are closed.