پاکستان کے کورونا وائرس کے وار جاری، متاثرہ افراد کی تعداد 1 ہزار سے تجاوز کرگئی

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے شکار افراد تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 1 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

بدھ کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے آنے کا سلسلہ جاری رہا اور سندھ3 ، پنجاب27 ، بلوچستان9، اسلام آباد 5 اور خیبرپختونخوا 43 میں نئے کیسز ریکارڈ ہوئے۔ جس کے باعث ملک میں عالمی وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد 1078 ہو گئی۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کا کہنا ہے کہ صوبے میں کراچی میں مزید 3 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔147 کیسز کراچی اور ایک دادو سے ہے جب کہ 14 مریض صحت یاب اور ایک انتقال کر چکا ہے۔زیرعلاج ان 133 کیسز میں سے 94 کیسز مقامی سطح پر منتقل ہونے کے ہیں۔ایران سے سکھر آنے والے زائرین کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اب تک 265 افراد میں مثبت جبکہ 3 ہزار 149 میں منفی نتائج آئے۔

دوسری جانب پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 27 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں تعداد 323 ہوگئی۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف کا کہنا کہ متاثرہ افراد میں 176 زائرین ہیں جبکہ باقی 77 کا تعلق لاہور، 21 گجرات، 8 گوجرانوالہ، 19 جہلم، 3 ملتان، 2 راولپنڈی، 2 فیصل آباد اور ایک ایک فرد کا تعلق منڈی بہاالدین، نارووال، رحیم یار خان، سرگودھا سے ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام تصدیق شدہ کیسز کو آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شہوانی کا کہنا ہے کہ تفتان قرنطینہ مرکز میں مقیم 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے آنے والے افراد میں 2 زائرین اور 3 دیگر افراد کے نتائج مثبت آئے۔بعد ازاں بلوچستان میں مزید 4 کیسز سامنے آئے۔ چیف سیکریٹری بلوچستان فاضل اصغر نے کوئٹہ میں صحافیوں کو بتایا کہ صوبے کے کیسز کی تعداد 119 ہوگئی ہے۔

ادھرخیبرپختونخوا میں بھی مزید43 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 121 ہوگئی۔ قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سامنے آیا تھا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے تصدیق کی اور بتایا کہ صوابی سے تعلق رکھنے والے فرد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد یہ شہر کا پہلا کیس ہوگیا ہے۔

اس وقت سندھ میں 413، پنجاب میں323 اور خیبرپختونخوا میں 121 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں، بلوچستان میں 119، گلگت بلتستان میں 81، اسلام آباد میں 20 اور آزاد کشمیر میں اس انفیکشن سے متاثرہ 1 مریض زیر علاج ہے۔

Comments are closed.