اسلام آباد: نوول کورونا وائرس سے پاکستان میں اموات اور نئے کیسز آنے کا سلسلہ جاری ہے، ملک میں متاثرین کی تعداد 1700 سے تجاوز کر گئی جب کہ 24 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس بے قابو ہوتا نظر آ رہا ہے، ملک بھر میں عالمی وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد1758 تک پہنچ چکی ہے تو دوسری جانب سے وائرس کے باعث اموات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مہلک وائرس کے سب سے زیادہ مریض پنجاب میں ہیں جہاں پر 638 افراد اس انفیکشن کا شکار ہو کر زیرعلاج ہیں۔ سندھ میں وباء سے متاثرہ کی تعداد 566 تک پہنچ چکی ہے۔ جب کہ خیبرپختونخوا میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 217 ہو گئی ہے۔
بلوچستان میں کورونا کے شکار افراد کی تعداد 152 ہے، گلگت بلتستان میں 128 افراد اس مہلک مرض میں مبتلا ہیں، وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 51 تک پہنچ چکی ہے۔ آزاد کشمیر میں وباء سے 06 افراد متاثر ہیں۔
دنیا بھر میں تباہی مچانے والے اس مہلک وائرس کی وجہ سے پاکستان میں بھی اموات کا سلسلہ نہیں رک سکا، عالمی وباء کے باعث 24 پاکستانی جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ مختلف اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز میں رہنے والے 53 افراد اس بیماری کو شکست دے کر مکمل صحت بات ہو گئے ہیں۔
Comments are closed.