پی ٹی آئی حکومت کے خلاف پہلے میگا کرپشن اسکینڈل پر نیب تحقیقات کی منظوری

اسلام آباد: چئیرمین نیب جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے پاکستان تحریک انصاف حکومت کے خلاف پہلے میگا کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات کی منظوری دے دی۔قومی احتساب بیورو ملک میں چینی اور آٹا اسکینڈلز کی تحقیقات کرے گا۔

چئیرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں چینی اور آٹا سکینڈل کی باقاعدہ تحقیقات کی منظوری دے دی گئی، حکمران جماعت کی اہم شخصیات کے خلاف پہلے میگا کرپشن سکینڈل میں  آٹا اور چینی کی قیمتوں میں اضافے، مبینہ اسمگلنگ اور سبسڈی پر بھی بھرپور تحقیقات ہوں گی۔

اجلاس میں وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے  افسران اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے خلاف کرپشن کیسز کی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ ایگزیکیٹو بورڈ نے سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم، نجکاری کمیشن، پمز اسپتال کے حکام اور نجی ہاوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے اور نیب فیس نہیں کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے میں یقین رکھتا ہے۔

Comments are closed.