عوام کیلئے اچھی خبر، پٹرولیم مصنوعات 44 روپے فی لیٹرتک سستی کرنے کی تجویز

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں عوام کے لئے بڑے ریلیف کی تیاری کر لی گئی، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 44 روپے 7 پیسے تک کمی کی سفارش کر دی۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لئے سمری وزارت خزانہ کو بھجوا دی گئی ہے،  جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 20 روپے 68 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 33روپے 94 پیسے فی لٹرسستا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 44 روپے 7 پیسے فی لٹر، لائیٹ ڈیزل کی قیمت میں 24 روپے 57 پیسے فی لٹر کمی کی تجویز دی ہے ۔اوگرا نے پیٹرول پر 18 روپے 90 پیسے فی لٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 24 روپے 20 پیسے، مٹی کے تیل پر 6 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل پر 3 روپے فی لٹر لیوی وصول کرنے کی تجویز دی ہے۔

اوگرا کی سمری منظورہونے کی صورت میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 107 روپے 25 پیسے سے کم ہو کر 73 روپے 31 روپے فی لیٹر ہو جائے گی، پٹرول کی قیمت 96 روپے58 پیسے سے کم ہو کر 75 روپے 90 پیسے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔

سمری کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 77 روپے 45 پیسے سے کم ہو کر 33 روپے 38 پیسے فی لیٹر کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 62 روپے 51 پیسے سے کم کر کے 37 روپے 94 پیسے فی لیٹر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مئی 2019 سے ہوگا۔

Comments are closed.