پی آئی اے میں یونینز کی اجارہ داری ختم۔۔۔ایسوسی ایشنزکے ورکنگ ایگریمنٹ منسوخ

اسلام آباد: قومی ایئر لائن میں لازمی خدمات ایکٹ نافذ ہونے کے بعد ایک بڑا فیصلہ کیا ہے، پی آئی اے نے یونینز کی اجارہ داری ختم کرنے کے لئے تمام ایسوسی ایشنز کے ساتھ تمام ورکنگ اگریمنٹ منسوخ کر دیئے۔

قومی ایئر لائن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے ایسوسی ایشنز کے ساتھ تمام ورکنگ ایگریمنٹ منسوخ کردئیے، جس کے بعد پالپا، ساسا، سیپ، آٹاپ، پکا کی مینجمنٹ سے بارگیننگ کی غیرقانونی حیثیت ختم ہو گئی ہے۔صرف ریفرنڈم جیتنے والی یونین بحیثیت سی بی اے آئینی حیثیت میں رہ کر کام کرسکے گی۔

ترجمان کے مطابق ایسوسی ایشنزنے بغیر کسی آئینی حیثیت کے پی آئی اے انتظامیہ سے اپنے جائز و ناجائز مطالبات منوانے کیلئے بہت سے فشاری گروہ بنا رکھے تھے جو مینجمنٹ کے  متوازی نظام چلا رہے تھے۔ نئے نوٹیفکیشن کے بعد ملازمین کی تنخواہ ومراعات، تبادلہ، ڈیوٹی و دیگر امور میں ایسوسی ایشنز کا کوئی کردارنہیں ہوگا۔

ایسوسی ایشنز ذاتی وسیاسی مفادات کے باعث اصلاحات کےعمل میں سب سے بڑی رکاوٹ تھیں، ورکنگ ایگریمنٹ منسوخ  کرنے کا مقصد شدید بحران کا شکار پی آئی اے میں اصلاحات کا عمل تیز کر کے انتظامیہ کی رٹ بحال کرنا ہے۔

ورکنگ ایگریمنٹ منسوخ کرنے سے متعلق نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں، الاونسز اور مراعات میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں کیا گیا ، واضح رہے کہ گزشتہ روزحکومت نے پی آئی اے کے تمام شعبوں کو لازمی سروس کا حصہ قرار دیتے ہوئی قومی ایئر لائن میں لازمی سروس ایکٹ لاگو کیا تھا۔

Comments are closed.