سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان آرڈرمیں ترمیم، نگران سیٹ اپ اور نئے انتخابات کی اجازت دیدی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان آرڈر2018 میں ترمیم کرکے نگران سیٹ اپ اور نئے انتخابات کرانے کی اجازت دے دی۔عدالت نے مختصر فیصلہ سنا دیا۔تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے گلگت بلتستان انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل گلگت بلتستان نے بتایاکہ گلگت بلتستان حکومت کو وفاق کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کےلیے الیکشن ایکٹ 2017 کا اطلاق کردیا جائے تو مسئلہ ہوجائے گا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ نئے انتخابات کرانے کےلیے الیکشن کمیشن کون ہوگا؟ اٹارنی جنرل بولے گلگت بلتستان میں الیکشن کمیشن پہلے سے موجود ہے۔

جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق آرڈر2018 ابھی لاگو ہے۔ تفصیلی فیصلے میں جو حل تجویز کیا جائے اس پر صدر مملکت سے حکومت الیکشن آرڈر جاری کروالے۔ جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلے میں الیکشن کرانےکا طریقہ کار واضح کر دیں گے۔

Comments are closed.