اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہناہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ شہباز شریف کو جیل میں ڈالنے کا جتن کر رہا ہے، اس گٹھ جوڑ کا وکیل شیخ رشید ہے جو چئیرمین نیب کے کہنے پر شہباز شریف کے خلاف بیان دیتا ہے۔
(ن) لیگ کے صوبائی صدر رانا ثناءاللہ نے وزیرریلوے شیخ رشید کا شہباز شریف سے متعلق بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ شہبازشریف کوجیل میں ڈالنے کاجتن کر رہا ہے، شیخ رشید جیسے سیاسی گیدڑ ہی نیب نیازی گٹھ جوڑ کو ٹارزن سمجھ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی اصل طاقت پاکستان کے عوام ہیں، اللہ کے سوا کسی کا خوف نہیں، شیخ رشید جیسے سیاسی شیطان کے مقدر میں رمضان میں بھی سچ بولنا نہیں ہے، وہ چئیرمین نیب کے کہنے پر شہباز شریف کے خلاف بیان دیتا ہے۔
رانا ثناء اللہ شہبازشریف عوام کو کرپٹ، جھوٹے، نالائق، نااہل اور آٹاچینی چوروں سے بچانے آئے، اس لئے پوری کی پوری حکومت خوف میں مبتلا ہے کیونکہ سیاسی یتیموں کی جماعت پی ٹی آئی کو پاکستان کے عوام نے مسترد کردیا، عید سے پہلے اور بعد میں عوام کا آٹا چینی چوری کرنے والے جیل جانے والے ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف کی باقیات شہباز شریف کو جیل سے ڈرانے کی ناکام کوشش نہ کریں، شہبازشریف نے ہمیشہ کارکردگی اور عوامی خدمت کی سیاست کی ہے جس سے انہیں کوئی نہیں روک سکتا، شہبازشریف کے لندن سے لوٹنے کے بعد سے حکومت کے ستارے گردش میں آگئے ہیں، سیاسی یتیموں کے ستارے گردش میں ہیں، اس لئے چیخیں نکل رہی ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ جتنا بھی جتن کرلے شہبازشریف آپ کی کرپشن اور نالائقی کو بے نقاب کرتا رہے گا، شہبازشریف کے خوف نے نالائق، نااہل اور چور حکومت کے اوسان خطا کردئیے ہیں، شیخ رشید اپنی وزارت اور دوسال میں 100مسافروں کے قتل کا جواب دے، سیاسی یتیموں سے گزارش ہے کہ کورونا کی وبا اور عوام پر توجہ دیں۔
Comments are closed.