ایل او سی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی، بھارتی سفارت کار کی دفتر خارجہ طلبی

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر ایک مرتبہ پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس پر پاکستان نے اسلام آباد میں بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کے امن کے لئے بڑا خطرہ بن گیا ہے،  بھارتی فورسز نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستان نے سینئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری میں کہا گیا ہے کہ بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل اور جان بوجھ کر سول آبادیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارتی فورسز کا شہری آبادی پر بھاری اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کرنا قابل مذمت ہے۔

واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل شہری آبادی کو نشانا بنایا جارہا ہے، چند روز قبل ایل او سی کے بگسر سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 شہری زخمی ہوئے تھے جب کہ اس سے قبل بھی جندروٹ اور کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون شہید جب کہ ایک معصوم بچی زخمی ہوگئی تھی۔

Comments are closed.