کورونا پھیلاؤ تشویشناک حدتک بڑھ گیا، پاکستان میں کیسز 28 ہزار795، اموات 636 ہو گئیں

اسلام آباد: پاکستان کورونا وائرس کے پھیلاؤ روز بروز تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے،آج بھی مزید کیسز رپورٹ بعد ملک میں اس وباء سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 28 ہزار795 ہو گئی ہے جبکہ اموات 636 تک پہنچ چکی ہیں۔

سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 1815 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جب کہ گزشتہ روز ملک میں 2000 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے، جو پاکستان میں ایک روز کے دوران اب تک کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ یہ بات مدنظر رہے کہ یہ 2 ہزار کیسز وزیراعظم عمران خان کے لاک ڈاؤن کو نرم کرنے کے اعلان کے ایک روز بعد سامنے آئے۔

وفاقی حکومت نے 7 مئی کو قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہفتہ (9 مئی) سے لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کرنے کا اعلان کیا۔ تاہم ملک میں پریشان کن طور پر کورونا وائرس کی مجموعی دن بدن بڑھ رہی ہے اور پہلے سییکڑوں یا 3 ہندسوں میں آنے والے کیسز 4 ہندسوں تک پہنچ گئے ہیں، اموات کی تعداد بھی دگنی ہوگئی ہے۔

صرف مئی کی بات کریں تو یکم مئی سے 8 مئی تک 226 اموات اور 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔آج (9 مئی) کو بھی کورونا کے نئے مریض سامنے آئے، سندھ میں کورونا وائرس کے ایک روز میں سب سے زیادہ 1080 نئے کیسز اور 4 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک بیان میں بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 498 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 20 فیصد یعنی ایک ہزار 80 مثبت آئے۔

انہوں نے بتایا کہ ان نئے کیسز کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی تعداد 10771 تک پہنچ گئی ہے۔ان 1080 کیسز میں سے 583 کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ خیرپور کے پیرجو گوٹھ میں 246 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 4 افراد کا انتقال بھی ہوا جس کے بعد یہ تعداد 180 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 438 نئے کیسز اور 8 اموات سامنے آئیں، صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 10471 ہوگئی۔ جن میں  زائرین سینٹر سے 768، رائے ونڈ سے منسلک 1926 افراد، 7 ہزار 692 عام شہری جبکہ 86 قیدی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں 8 مزید اموات سے مجموعی تعداد 191 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 41 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

دوسری جانب ادھر بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 36 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی، ترجمان بلوچستان حکومت نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اب تک صوبے میں 11900 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس میں سے مجموعی طور پر مثبت آنے والوں کی تعداد 1909 ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پہلی مرتبہ 530 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ تاہم بعد میں لیاقت شاہوانی نے 26 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1935 ہوگئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اسلام آباد میں 51 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے، جس کے بعد اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 558 سے بڑھ کر 609 تک پہنچ گئی۔ ادھر خیبرپختونخوا میں مزید 182 کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 4509 ہوگئی۔ پشاور، چارسدہ، خیبر، مردان، سوات، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد میں 13 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں جاں بحق مریضوں کی تعداد 234 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان میں بھی عالمی وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں مزید 27 کیسز کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد 394 سے بڑھ کر 421 ہوگئی۔ جب کہ آزاد کشمیر میں بھی صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔ جس کے ساتھ ہی وہاں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہوگئی۔

Comments are closed.