آرمی چیف کا پاک ایران سرحد کے قریب پاکستانی فورسز پر حملے پر تحفظات کا اظہار

راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک ایران سرحد کے قریب پاکستانی سیکورٹی فورسز پر حالیہ حملے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل باقری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں سرحدی سیکیورٹی اور کورونا کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے سربراہ نے ایرانی مسلح افواج کے سربراہ سے پاک ایران سرحد کے قریب پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشتگرد حملے پر تشویش کا اظہار کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کی جانب سے سرحد کے اطراف سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کیا ہے، بارڈر سیکیورٹی اور اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کےلیے دو طرفہ تعاون کی ضرورت ہے۔ چند روز قبل بلوچستان میں پاک ایران سرحد کے قریب پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے میں 6 اہل کار شہید ہو گئے تھے۔

Comments are closed.