پاکستان میں کورونا کے وارجاری۔۔کیسز39 ہزار729، اموات 866 تک پہنچ گئیں

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے،اس وباء سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 39 ہزار 729 ہوگئی ہے جب کہ  اس مرض کے باعث 866 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

مئی کے آغاز میں کورونا کیسز میں اضافے کی ایک نئی لہر سامنے آئی ہے اور صرف 15 روز کے اندر کیسز کی تعداد میں 21 ہزار سے زائد نئے مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ اس دوران 438 اموات بھی ہوئیں۔ 16 مئی کو سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 674 نئے کیسز اور 13 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 467 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 674 کے نتائج مثبت آئے۔ ان نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر صوبے میں متاثرین 15590 تک پہنچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 مریضوں کا انتقال بھی ہوا، جس سے مجموعی اموات کی تعداد 268 ہوگئی۔ ان نئے کیسز میں سے 490 کا تعلق کراچی سے ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 287 کیسز رپورٹ ہوئے اور 11 اموات کا اضافہ ہوا۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 14201 ہوگئی جبکہ 4757 مریض اب تک صحتیاب ہوگئے۔

وفاقی دارالحکومت میں بھی کورونا کیسز میں روز بروز اضافہ دیکھا جارہا ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں ایک روز کے دوران مزید 55 کورونا مریضوں کا اضافہ ہوا۔جس کے بعد اسلام آباد میں اب تک کے کورونا کیسز کی تعداد 866 سے بڑھ کر 921 ہوگئی۔

ادھر خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے 169 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 5847 ہوگئی۔ مزید 14 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد خیبرپختونخوا میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 305 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے 87 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 2544 ہوگئی۔بلوچستان میں مزید 5 اموات کی بھی تصدیق کی جس کے بعد یہاں وائرس سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان میں مزید 17 افراد وائرس سے متاثرہوئے، جس کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 501 سے بڑھ کر 518 ہوگئی۔ گلگت بلتستان میں وائرس سے اب تک 4 افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں،دوسری جانب آزاد کشمیر میں کورونا وبا کے مزید 3 افراد سامنے آنے کے بعد وہاں پر کورونا مریضوں کی تعداد 105 سے بڑھ کر 108 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے 725 افراد کورونا وائرس سےمکمل صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد ملک میں اب تک کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 10155 سے بڑھ کر 10880 تک جاپہنچی۔

Comments are closed.