اسلام آباد: کرنسی اسمگلنگ کیس کی مرکزی ملزمہ ماڈل گرل ایان علی کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا۔
عدالت عالیہ کے جسٹس غلام اعظم قمبرانی نے ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس میں میں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت تفتیش کیلئے دائر اپیل پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے محکمہ کسٹمز کی استدعا مسترد کردی۔
اس سے پہلے کسٹمز معاملات کے حوالے سے خصوصی عدالت نے بھی ماڈل گرل کے خلاف انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت تفتیش کی اجازت دینے سے متعلق درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد کسٹمز حکام نے خصوصی عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔
اپیل میں کسٹمز کی جانب سے موقف اپنایا گیا تھا کہ ماڈل گرل ایان علی نے کرنسی اسمگلنگ کے ذریعے بڑے پیمانے پر کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کی، اس لئے مقدمے میں انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات شامل کرنے اور ملزمہ کے خلاف ان دفعات کے تحت تفتیش کی اجازت دی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کسٹمز حکام کی جانب سے دائر اپیل پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سناتے ہوئے ایان علی سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت تفتیش کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی۔
Comments are closed.