لاہور : ملک میں جاری سیاسی بحران کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی پاکستان کے مابین مذاکرات کیلئے عمران خان کی ہدایات پرتین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔
مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، تین رکنی کمیٹی میں پرویز خٹک، سینیٹر اعجاز احمد چودھری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔ تحریک انصاف کی تین رکنی کمیٹی ملک میں جاری سیاسی بحران کے حوالے سے جماعتِ اسلامی پاکستان سے مذاکرات کرے گی۔
ملک میں جاری سیاسی تناؤ کم کرنے کیلئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور میں موجود وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ روز الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔ ملاقاتوں کے بعد جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ان کی وزیراعظم شہباز شریف اور عمران خان کے ساتھ ملاقات مفید رہی اور مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا ہے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ بیٹھنے اور انتخابات کے لیے ایک ہی تاریخ پر اتفاق رائے پیدا کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
Comments are closed.