این اے ون چترال سے رکن قومی اسمبلی عبدالطیف چترالی نااہل قرار

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے حلقہ این اے ون چترال سے رکن قومی اسمبلی عبدالطیف چترالی کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ ای سی پی ذرائع کے مطابق، انہیں 9 مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ ہونے کے باعث نااہل قرار دیا گیا، جس کے بعد ان کی نشست خالی قرار دے دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے آج چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کے ذریعے عبداللطیف چترالی کی نااہلی کے کیس کی سماعت کی، جس کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ بعدازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ عبداللطیف چترالی کو انسداد دہشت گردی عدالت سے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

فیصلے کے مطابق، انہیں آئین پاکستان کے آرٹیکل 63(1)(h) کے تحت نااہل قرار دیا گیا، جو کہ ایسے اراکین پارلیمنٹ سے متعلق ہے جنہیں کسی فوجداری مقدمے میں دو سال سے زائد سزا ہو۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں این اے ون چترال کی نشست خالی ہو گئی ہے، اور آئندہ ضمنی انتخاب کے لیے شیڈول جاری کیا جائے گا۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ آئین کے تحت کوئی بھی فرد جو دو سال سے زائد قید کی سزا کاٹ چکا ہو، عوامی نمائندگی کے لیے نااہل تصور کیا جاتا ہے۔

Comments are closed.