ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں نور خان ایئربیس پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بچوں نے معزز مہمان کو گلدستے پیش کیے، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی استقبال کے لیے موجود تھیں۔
اسلام آباد میں بارش کے باعث وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے ساتھ چھتری تھام کر چلنے کی روایت نبھائی، جس نے پاک-یو اے ای تعلقات کی گرمجوشی کا مزید اظہار کیا۔
ولی عہد کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا، جس میں متحدہ عرب امارات کے وزراء، اعلیٰ حکام اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں اور دیگر معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط اقتصادی اور سفارتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
Comments are closed.