جعلی اکاؤنٹس کیس، احتساب عدالت کا مراد علی شاہ پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاونٹس کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 30 جون کی تاریخ مقرر کر دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے جعلی بینک اکاونٹس اسکینڈل میں نوری آباد پاور پلانٹ کے غیر قانونی ٹھیکوں اور مبینہ منی لانڈرنگ کے ریفرنس کی سماعت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج عدالت پیش نہ ہوئے اور حاضری سے استثنا کی درخواست جمع کرائی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی کہ ریفرنس کا ایک ملزم محمد علی بیرون ملک روپوش ہے۔ عدالت نے ملزم کی بذریعہ اشتہار طلبی کے باوجود عدم پیشی پر ملزم کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور کہا کہ محمد علی کا نام ای سی ایل میں شامل کر کے شناختی کارڈ بلاک کر دیا جائے۔

عدالت نے اشتہاری ملزم کا کیس الگ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر تمام ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے 30 جون کو طلب کر لیا ہے۔

Comments are closed.